نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ’ابسلیوٹلی ناٹ‘ : فواد چوہدری

سراونچا رکھنے کی قیمت ہوتی ہے، اگرآپ ’’ایبسلیوٹلی ناٹ‘‘ کہیں گے تو پھر قیمت بھی ادا کرنا پڑتی ہے، دونوں ٹیموں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے مشاورت کریںگے: وفاقی وزیر اطلاعات

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 21 ستمبر 2021 17:52

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ’ابسلیوٹلی ناٹ‘ : ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 ستمبر 2021ء ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دورے کینسل ہونے کی وجہ ’ابسلیوٹلی ناٹ‘ ہے۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان نے سر اونچا رکھنا ہے اور ’ایبسلوٹلی ناٹ‘ کہیں گے تو پھر قیمت تو ادا کرنا پڑے گی، غیر ملکی ٹیموں کے نہ آنے پر وزیر داخلہ کے ساتھ تفصیلی بریفنگ کریں گے۔

انھوں نے کہا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے کرکٹ سیریز ملتوی ہونے سے پی ٹی وی کو 25 کروڑ کا نقصان ہوا، ہم کرکٹ سیریز ملتوی ہونے پر سخت کارروائی کریں گے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم سیریز کے لیے پاکستان میں موجود تھی، 17 ستمبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پہلا ون ڈے کھیلنے کی تمام تیاریاں مکمل تھیں جب اچانک نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر سیریز منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سے جانے کا فیصلہ کر لیا۔

(جاری ہے)

بعد میں نیوزی لینڈ کے میڈیا نے دعویٰ کیا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت کو پاکستان میں کرکٹ ٹیم کے خلاف تھریٹ کی اطلاع فائیوآئیز کی جانب سے دی گئی تھی۔ اس کے بعد خدشے کے عین مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ٹیمیں پاکستان بھیجنے سے معذرت کر لی، انگلینڈ کی مینز ٹیم کو 13، 14 اکتوبر کو 2 ٹی ٹونٹی کھیلنا تھے، جب کہ خواتین ٹیم نے 2 ٹی ٹونٹی اور 3 ون ڈے میچز پاکستان میں کھیلنا تھے۔