مسئلہ کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخلے ہو چکا ہے، سردار فہیم اختر ربانی

سید علی گیلانی کی تدفین پر پابندیوں ،خاندان کیساتھ قابض فورسز کے سلوک نے بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیاہے،وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

منگل 21 ستمبر 2021 20:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات، قانون ، انصاف وپارلیمانی امور سردار فہیم اختر ربانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخلے ہو چکا ہے، سید علی گیلانی کی تدفین پر پابندیوںاور انکے خاندان کیساتھ ہندوستانی قابض فورسز کے سلوک نے ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیاہے،عالمی برادری کو اسکا نوٹس لیناچاہیے۔

ہندوستان مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کو روند رہاہے ‘ اقوام متحدہ خاموش تماشائی بننے کے بجائے کشمیریوں پر مظالم رکوانے کیلئے عملی کردار ادا کرے ۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات سردار فہیم اختر ربانی نے کہاکہ ہندوستان کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ تیز کر کے وہاں آبادی کا تناسب بدلنے میں مصروف ہے ،ہندوستان کی قابض فوج آئے روز کشمیریوں کی املاک کو تباہ کررہی کررہی ہے ، کشمیریوں کے گھروں کو جلایا جارہا ہے ، کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر شہید کیا جارہا ہے ، کشمیریوں کو نماز جمعہ ادا نہیں کرنے دی جاتی ۔

(جاری ہے)

کشمیری عورتوں کی بے حرمتی کی جاتی ہے اور نوجوانوں پر تشدد کیا جاتا ہے ،معصوم بچے بھی ہندوستان کے جبر اور بربریت سے محفوظ نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام ترمظالم کے باوجود کشمیریوں کے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں آئی اور وہ اپنی منزل کے حصول تک قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں جس طرح وہ ہندوستان کی بدترین جارحیت اور استبداد کا مقابلہ کررہے ہیں ۔