Live Updates

انگلینڈ پاکستان کا قرض نہیں اتارسکا، سابق انگلش کپتان بھی سخت ناراض

وبا کے دنوں میں پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کرکے سخاوت دکھائی تھی، لیکن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے اپنے دورے منسوخ کرکے پاکستان کا ہائی پروفائل سیزن تباہ کر دیا، افسوس کہ انگلینڈ اپنا واجب الادہ قرض ادا نہ کر سکا، سابق برطانوی کپتان مائیکل ایتھرٹن

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 21 ستمبر 2021 22:03

انگلینڈ پاکستان کا قرض نہیں اتارسکا، سابق انگلش کپتان بھی سخت ناراض
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 ستمبر 2021ء) وبا کے دنوں میں پاکستان نے انگلینڈ کا دورہ کرکے سخاوت دکھائی تھی، لیکن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ نے اپنے دورے منسوخ کرکے پاکستان کا ہائی پروفائل سیزن تباہ کر دیا، افسوس کہ انگلینڈ اپنا واجب الادہ قرض ادا نہ کر سکا، انگلش ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے پر انگلش ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کا سخت ردعمل- تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے رد عمل میں مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ انگلش کرکٹ گورننگ باڈی اور کھلاڑیوں کے پاس موقع تھا کہ قرض اداکرتے، اس کرکٹ نیشن جس نے بہت چیلنجز کا سامنا کیا۔

مائیکل ایتھرٹن نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے صرف ایک بیان جاری کرکے غلط کیا جب کہ انگلینڈ پاکستان کا واجب الادا قرض نہیں اتارسکا۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل نیوزی لینڈ نے بھی سکیورٹی تھریٹس کی بنیاد پرٹور ختم کیا، یہ پاکستان کا ہائی پروفائل سیزن تھا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیاکو دورہ کرنا تھا لیکن اس وقت سب کچھ چکنا چورہوگیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو اس وقت شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس میں نے لکھا تھا کہ وباکے دنوں میں پاکستان اور ویسٹ انڈیزنے انگلینڈ کا دورہ کرکے سخاوت دکھائی تھی، دورہ جنوبی افریقا کی دستبرداری اور مانچسٹرٹیسٹ کی منسوخی سے بدتر ہے۔ ’پاکستان نے ہماری مدد کی اور ہم بھول گئے-انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غصہ قابل فہم ہے جب کہ رمیز راجا سابق کرکٹر ہیں اس لیے وہ کھلاڑیوں کی زبان بول رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پیر کے روز انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا گیا تھا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو بہانہ بنا کر دورہ پاکستان کینسل کیئے جانے کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ کے کھلاڑی اب نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے اسلام آبادمیں موجود ہیں جہاں ان کی بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی مصروفیات کومد نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی ملاقات کے وقت کا تعین کیا جائے گا، اس ملاقات میں چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ بھی موجود ہوں گے اور وزیراعظم سے کھلاڑیوں کی اس ملاقات کا مقصد ان کا حوصلہ بڑھانا ہے۔

1992ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی کے بعد کرکٹرز کے لیے نئی مصروفیت تلاش کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد پی سی بی نے بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو بلانے کی کوشش کی تھی تاکہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کا موقع مل سکے تاہم لاجسٹک مسائل کی وجہ سے یہ ٹورز ممکن نہیں ہوسکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات