نیوزی لینڈ ٹیم کےدورہ پاکستان کی منسوخی کی تحقیقات مکمل ہو گئیں

جس دن سے ٹیم پاکستان پہنچی تھی اس دن سے ان کے نخرے اٹھارہے تھے، جس ہوٹل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹھہری تھی اسی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے لوگ بھی ٹھہرے ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے پاکستان سے جانے کے بعد کی ای میلز کو دنیا کے سامنے رکھیں گے اور اس کے بعد فیصلہ دنیا کو کرنا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 ستمبر 2021 11:01

نیوزی لینڈ ٹیم کےدورہ پاکستان کی منسوخی کی تحقیقات مکمل ہو گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کی واپسی کے حوالے سے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منسوخی کی تحقیقات مکمل ہوگئی نیوزی لینڈ ٹیم کو پاکستان میں کوئی سیکیورٹی تھریٹ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے ٹیم پاکستان پہنچی تھی اس دن سے ان کے نخرے اٹھارہے تھے، اتنی تو نیوزی لینڈ کی ٹوٹل فوج نہیں تھی جتنی سکیورٹی ہم نے ان کی ٹیم کو دی تھی۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایک دو دن میں پریس کانفرس میں دنیا کو ثبوت کے ساتھ بتائیں گے کہ پاکستان میں انہیں کوئی خطرہ نہیں تھا۔ ٹیم کی واپسی سے متعلق تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں اور ہمارے پاس جو بھی ثبوت ہے اس پر قوم کو اعتماد میں لے کرمیڈیا میں جاری کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس ہوٹل میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹھہری تھی اسی میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے لوگ بھی ٹھہرے ہوئے تھے، کرکٹ سے محبت میں نیوزی لینڈ ٹیم کے تمام فرمائشیں پوری کیں۔

جمعہ کے دن ہمیں اطلاع ملی تھی کہ یہ تھوڑے بیزار ہیں اس لیے ہم نے ان کو خالی گراؤنڈ میں بھی کھیلنے کی پیشکش کی لیکن وہ جانے کا فیصلہ کرچکے تھے۔ہمارے اداروں کو معلوم تھا کہ نیوزی لینڈ ٹیم کی حفاظت کتنی اہم ہے اس لیے ہم نے ٹاپ کی سکیورٹی یونٹ کو ان کے حفاظت پر مامور کیا تھا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ تحقیقات ہمارے اداروں نے کی ہے نیوزی لینڈ نے ہمارے ساتھ کسی قسم کے معلومات شیئر نہیں کی۔

بھارتی پراپیگنڈے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی میڈیا کے پاکستان مخالف مہم کی وجہ وہ ذلت ہے جو افغانستان میں ان کے حصے میں آئی ہے۔ پروگرام میں افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ طالبان حکومت کو صرف 21 دن ہوگئے ہے اتنے مختصر وقت میں وہاں معامالات بہتر نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان امن عمل میں امریکہ اور طالبان کو صرف سہولت فراہم کی تھی معاہدہ میں ہمارا کوئی رول نہیں تھا۔

ہم نے افغانستان سے 10 ہزار لوگوں کو انخلاء میں مدد کی جن میں سے اکثریت کے پاس دستاویزات بھی نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے بھی غیرملکی آتے ہیں یہی پوچھتے ہیں کہ آپ نے کوئی مہاجر کیمپ نہیں بنایا تو ہمارا جواب ہوتا ہے کہ ہم تو یہاں پہلے سے موجود مہاجرین کے واپسی کے خواہش مند ہیں۔ شیخ رشید کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا 3 ہزار کلومیٹر کا بارڈر ہے ہم وہاں کے حالات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان میں 300 سے 500 تک ایسے لوگ ہیں جو پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں براہ راست ملوث ہیں انہی معافی نہیں ملے گی۔ ٹی ٹی پی کے ان لوگوں کے اداروں کے پاس پورے کوائف موجود ہیں اور جلد ایسے عناصر سے نمٹ لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان دنیا سے رابطوں کے لیے تیار ہیں انہیں اس وقت تنہا چھوڑنا دانش مندی نہیں ہے۔