وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی پرتگالی ہم منصب سے ملاقات، افغانستان اور کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا

بدھ 22 ستمبر 2021 11:17

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی    کی پرتگالی ہم منصب سے ملاقات، افغانستان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) پاکستان اور پرتگال کے عوامی رابطوں اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے دونوں ممالک کے پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپس کو مزید متحرک کیا جائے، پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے بلکہ خطے کے امن و امان کے لئے افغانستان میں امن و امان ضروری ہے۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے76 ویں اجلاس کے موقع پر پرتگال کے وزیرخارجہ آگستوسینتوس سلواسے ملاقات کی اس موقع پر باہمی دلچسپی،علاقائی اور بین الاقوامی امور سمیت اقوام متحدہ کے فورم پر دونوں ممالک کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ نے پرتگال کے ساتھ پاکستان کے باہمی تعلقات بالخصوص اقتصادی اور تجارتی رابطوں کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے پارلیمنٹری فرینڈ شپ گروپس پر اعتماد کا اظہار کیا جو دونوں ممالک کی پارلیمان میں قائم کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے عوامی رابطوں اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لئے ان گروپس کو مزید متحرک کیا جائے۔

علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زور دیا کہ پرامن اور مستحکم افغانستان نہ صرف پاکستان کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے بلکہ خطے کے امن و امان کے لئے افغانستان میں امن و امان ضروری ہے۔وزیر خارجہ نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان سے رابطوں کے ذریعے مثبت اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ افغان عوام کی ضروریات کے مطابق انسانی بنیادوں پر ان کی مدد کی جاسکے اور افغانستان کو معاشی تباہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔

انہوں نے افغانستان سے سفارتی حکام اور بین الاقوامی اداروں کے عملے کے محفوظ انخلا کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے پرتگال کے اپنے ہم منصب کو بھارت کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ، جنگی جرائم ، انسانیت کے خلاف جرائم ،نسل کشی اوربھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل قراردادوں اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے عالمی برادری کو فراہم کردہ شواہد پر مشتمل ڈوزیئرز کے بارے میں بھی بتایا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور پرتگال کے باہمی رابطوں سمیت اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں میں اضافہ کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔