ترک صدر رجب طیب اردوان نے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر اقوام متحدہ میں اٹھا دیا،سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت

بدھ 22 ستمبر 2021 11:41

ترک صدر  رجب طیب اردوان نے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر  اقوام متحدہ میں اٹھا ..
اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ میں ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے ہوئے اس دیرینہ تنازعے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے ترکی کے موقف کا اعادہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق صدر اردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم گزشتہ 74بر س سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کو تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حق میں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے جاری ظلم وتشددختم کرنے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ترکی کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ ترک صدر اقوام متحدہ کی جنر ل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں مسلسل عالمی ادارے کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرارہے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس سے خطاب میں صدر اردوان نے جموں وکشمیر کو ایک سلگتا ہوا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہاتھا کہ  مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے یکطرفہ اقدام سے یہ مسئلہ مزیدپیچیدہ ہو گیا ہے ۔

انہوں نے کہاتھا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و استحکام قائم نہیں ہو سکتا۔ 2019میں انہوں نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کی منظوری کے باوجود تنازعہ کشمیر ابھی تک حل طلب ہے۔