''شیم آن سندھ حکومت'' چیف جسٹس آف پاکستان کا سندھ حکومت پر اظہار برہمی

پورا کراچی گند سے بھرا ہے، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے۔ ورلڈ بینک کے کتنے منصوبے ہیں مگر کچھ نہیں ہو رہا،جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلٰی اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتے ہیں۔ چیف جسٹس کے ریمارکس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 ستمبر 2021 12:09

''شیم آن سندھ حکومت'' چیف جسٹس آف پاکستان کا سندھ حکومت پر اظہار برہمی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 ستمبر 2021ء) : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے سندھ حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ''شیم آن سندھ حکومت''، پورا کراچی گند سے بھرا ہے، گڑ ابل رہے ہیں، تھوڑی سے بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ متاثرین کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سندھ حکومت میں کچھ نہیں ہو رہا، سندھ میں سردرد صورتحال ہے ۔

جس بلڈنگ کو اٹھاؤ اس کا برا حال ہے، سٹرکیں خراب، بچے مریں، کچھ بھی ہو، یہ کچھ نہیں کرنے والے، یہی حال سندھ حکومت اور وفاقی حکومت کا ہے، سب پیسہ بنانے میں لگے ہوئے ہیں، سیاسی جھگڑے اپنی جگہ مگر لوگوں کے کام تو کریں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے کتنے منصوبے ہیں مگر کچھ نہیں ہو رہا، وزرا اور باقی سب کے لیے فنڈز ہیں ، باقی سارے امور چلا رہے ہیں، صرف عوام کے لیے پیسے نہیں، یہ سپریم کورٹ کو طے کرنا ہے کہ پیسے کہاں خرچ کرنا ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ابھی پیسے آئے نہیں، سارا جہان پیسے لینے آگیا، جب گاڑیاں خریدنی ہوتی ہیں تو پیسے آجاتے ہیں، اگر کوئی آفت آجائے تو کیا ایک سال تک بجٹ کا انتظار کریں گے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جب تک متاثرین کو گھر نہیں دیتے، وزیراعلیٰ اور گورنر ہاؤس الاٹ کر دیتے ہیں، لوگوں کو کہتے ہیں وہ وزیراعلٰی، گورنر ہاؤس کے باہر ٹینٹ لگا لیں۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا بتائیں جنہوں نے زمینیں الاٹ کیں، ان کے خلاف کیا ایکشن لیا۔ چیف جسٹس کے استفسار پر سلمان طالب الدین نے کہا کہ یہ تو چالیس سال پرانا مسئلہ ہے، جس پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں، یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔ آپ کی ترجیحات کچھ اور ہیں، کراچی تو گاربیج دکھائی دیتا ہے، کوئی نہیں دیکھنے والا، حکمران طبقے کو کوئی پرواہ ہی نہیں، گٹر ابل رہے ہیں، تھوڑی سی بارش میں شہر ڈوب جاتا ہے، یہ ہے سندھ حکومت،شہر اس طرح چلایا جاتا ہے، کراچی میں ایک انچ کا بھی کام نہیں ہوا ، کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ''شیم آن سندھ حکومت''۔