حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف ،24ستمبر کوجماعت اسلامی احتجاج کرے گی

مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور کرپشن میں اضافہ تبدیلی سرکار کے تحفے ہیں‘جماعت اسلامی پنجاب وسطی

بدھ 22 ستمبر 2021 13:52

حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کے خلاف ،24ستمبر کوجماعت اسلامی احتجاج ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت سراج الحق کی اپیل پر 24ستمبر بروز جمعة المبارک کو مہنگائی، بے روزگاری ، لاقانونیت اور کرپشن کے خلاف ملک گیریوم احتجاج منایا جائے گا۔ جس میں لوگوں کی بڑی تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے کارکنان کو ٹاسک دے دیا گیا ہے۔

لاہور سمیت پورے صوبے میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ موجودہ حکمرانوں نے عوام کے مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پٹرول 45روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوچکا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے ملک میں مزید مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

(جاری ہے)

سٹاک مارکیٹ میںمندی سے سرمایہ داروں کے 42ارب روپے ڈوب چکے ہیں۔ ڈالر کی اڑان نے روپے کی بے قدری میں اضافہ کیاہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق ملک کے کئی اداروںمیں 205ارب روپے کی بے قاعدگیوں کا انکشاف تبدیلی سرکار کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ پٹرولیم، ٹیلی کام، این ایچ اے، پی ڈبلیو ڈی سٹیٹ آفس اور اوگرا میں ذمہ داران کا تعین ہونا چاہیے۔

مہنگی ایل این جی خریداری سے ایک ارب 65کروڑ 97لاکھ روپے اور کم سیلز ٹیکس سے پونے 19کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے کہا کہ حکومتی اعداد و شمار کے خلاف مہنگائی کے طوفان نے ہر پاکستانی کو متاثر کیا ہے۔ عوام کی زندگی روز بروز مشکل سے مشکل تر ہوتی چلی جارہی ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ نے پاکستان کا جو حشر نشر کیا ہے، اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔