کیوی کرکٹر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی: فواد چوہدری

24 اگست 2021ء کو گپٹل کی اہلیہ کو ای میل میں کہا گیا کہ اسکے شوہر کو پاکستان میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے: وفاقی وزیر اطلاعات

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 ستمبر 2021 15:21

کیوی کرکٹر مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی: فواد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2021ء ) وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ احسان اللہ احسان کے نام سے جعلی فیس بک اکاونٹ بنا،اسی نے دھمکیاں دیں اور نیوزی لینڈ ٹیم کو کھیلنے سے منع کیا۔ اسلام آباد میں وزیراطلاعات فواد چودھری اور وزیرداخلہ شیخ رشید نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی۔ وزیراطلاعات نے بتایا کہ 19 اگست 2021ء کو احسان اللہ احسان کے نام سے فیس بُک پوسٹ سامنے آئی جس میں کہا گیا کہ داعش نیوزی لینڈ ٹیم کو نشانہ بنا سکتی ہے۔

سنڈے گارڈین نامی بھارتی اخبار میں احسان اللہ احسان کی پوسٹ کی بنیاد پر مضمون لکھا گیا،ابھی نند ن مشرا نے سنڈے گارڈین میں اسی ٹویٹ کے حوالے سے آرٹیکل لکھا جس میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو خطرہ ہے۔ 24 اگست 2021ء کو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی جاتی ہے، جس میں کہا جاتا ہے کہ اس کے شوہر کو پاکستان میں نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ای میل اکاؤنٹ بھی 24 اگست کو ہی بنایا گیا اوراس میل اکاؤنٹ سے صرف ایک ہی میل کی گئی ، پروٹون ویب سرور پر یہ اکاؤنٹ بنایا گیا جو محفوظ تصور کیا جاتا ہے، ہم نے انٹرپول سے اس حوالے سے تفصیلات کی درخواست کی ہے۔

پیج میں کہا گیا کہ انتہا پسند تنظیمیں ٹیم کو نشانہ بنا سکتی ہے ،بھارتی صحافی نے جعلی فیس بک پیج پر آرٹیکل میں کہا کہ نیوزی لینڈ کو نشانہ بنایا جا سکتاہے، دونوں پیجز اور آرٹیکل کا تعلق افغان سابق نائب صدر امر اللہ صالح سے ہے جس کے پاکستان مخالف نظریات سے سب واقف ہیں ۔ 12ستمبر کو نیوزی لینڈ کی ٹیم چارٹرڈ طیارے پر پاکستان پہنچی۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم نے نیوزی لینڈ سکیورٹی ٹیم سے پوچھا ہم سے وہ تھریٹ شیئر کریں مگر نیوزی لینڈ سکیورٹی ٹیم تھریٹ سے نابلد تھی اور معلومات شیئر نہیں ہوئی۔

نیوزی لینڈ وزیراعظم نے کہا کہ تھریٹ کی وجہ سےٹیم دورہ منسوخ کررہی ہے اور یہ سنجیدہ تھریٹ ہے۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کی تحریک کے دوران بھی بھارت سے ٹویٹس کی گئیں۔ وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ دوشنبے میں تھا کہ اطلاع ملی نیوزی لینڈ نے دورہ منسوخ کردیا، ہم نے فیصلہ کیا کہ وزیراعظم کی تقریر تک انہیں یہ پیغام نہیں دیتے۔

فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، پاکستان کے خلاف وار فیئر قائم کیا گیا ،طاقتور ایجنسیز اور ریاستیں کھیل کھیلتی ہیں، ففتھ جنریشن وار میں لوگ استعمال ہوجاتے ہیں انہیں پتہ بھی نہیں چلتا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے جانے سے پاکستان کو تنہا کرنے کا تاثر غلط ہے، ہمیں تنہا نہیں کیا جا سکتا، ہم پرعزم ہیں ، پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم بھی نہیں آئے گی، بھارت کے پڑوس میں کیمپ ختم ہوگئے انہوں نے واویلا مچا رکھا ہے،ہمیں اب آگے چلنا ہوگا اور بھی کام کرنے ہیں۔