صدر مملکت سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے ریجنل ڈائریکٹر کی ملاقات

بدھ 22 ستمبر 2021 16:17

صدر مملکت سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے ریجنل ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کیلئے طلباء اور رضاکاروں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے ، قدرتی آفات میں متاثرین کو بروقت امداد پہنچانے کیلئےہلال احمر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے مابین تعاون ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو  انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ کے ریجنل ڈائریکٹر ، الیگزینڈر میتھیوس سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر چیئرمین انجمن ہلال احمر پاکستان ، ابرار الحق بھی موجود تھے ۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ قدرتی آفات سے مناسب طریقے سے نمٹنے کیلئے طلباء اور رضاکاروں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے ، قدرتی آفات میں متاثرین کو بروقت امداد پہنچانے کیلئےہلال احمر اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے مابین تعاون ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان نے کورونا کے دوران عوام کو صحت کی سہولیات پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ، حکومت کی کورونا کے دوران  کامیاب سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی کی وجہ سے صورتحال قابو میں رہی ۔

  صدر مملکت  نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے فنڈ مختص کئے ۔ صدر مملکت نے ہلال احمر پاکستان کو معاونت فراہم کرنے پر انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس کے کردار کو سراہا ۔