2روزہ انڈر 16یوتھ گیمز25 ستمبرسے ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر شروع ہوں گی

بدھ 22 ستمبر 2021 16:31

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے پی اور ریجنل سپورٹس آفس ایبٹ آباد کے زیراہتمام 2روزہ  انڈر 16یوتھ گیمز25 ستمبرسے ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر شروع ہوں گی جن میں دس گیمز میں یہ کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس حوالہ سے بدھ  کو  اس حوالے سے ایک خصوصی اجلاس ڈائر یکٹر سپورٹس آپریشن سید ثقلین شاہ کی زیر صدارت سٹی سپورٹس کمپلیکس ایبٹ آباد میں منعقد  ہوا۔

اجلاس میں سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر ایبٹ آباد وسیم فضل، ایبٹ آبادکبڈی ایسوسی ایشن کے صدر  طاہر منیر اعوان، والی بال  ایسوسی ایشن کے صدر سید مشتاق شاہ، ٹینس ایسوسی ایشن کے ناصر محمود، رسہ کشی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری  شاہد گل ببل، ٹیبل ٹینس کے محمد زاہد تنولی،اتھیلیٹکس ایسوسی ایشن کے  سیکرٹری آفتاب احمد سمیت دیگر کھیلوں کی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سکول سطح پر نئے تیلنٹ کی تلاش کے حکومتی فیصلے کی روشنی میں صوبہ بھر میں یوتھ گیمز کا سلسلہ جاری ہے۔ ایبٹ آباد گیمز بھی اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔ پہلے روزگرلز ایونٹس میں بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،سکوا ئش، رسہ کشی،اتھیلیٹکس،والی بال،باسکٹ بال،اور نیٹ بال ,بوائز  ایونٹس میں کبڈی، ٹینس،سمیت بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،سکوا ئش، رسہ کشی،،والی بال،باسکٹ بال میں نوجوان کھلاڑیوں کے مابین مقابلے ہوں گے۔

یہ مقابلے  سٹی سپورٹس کمپلیکس، بار کلب گراونڈاور پولیس گراونڈ سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے ان گیمز کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور  سر ٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔ڈائریکٹر سپورٹس آپریشن سید ثقلین شاہ کے مطابق جلد ہی ایبٹ آباد میں علاقائی ثقافتی گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے یوتھ گیمز کے احسن انعقاد کے لیے ہدایات بھی جاری کیں۔