Live Updates

شہرام خان ترکئی اور محمد عاطف خان نے مردان بورڈ میں سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا

بدھ 22 ستمبر 2021 16:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2021ء) :وزیر ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری   ایجوکیشن  خیبر پختونخوا شہرام خان ترکئی اوروزیرخوراک محمد عاطف خان نے بدھ کے روزمردان بورڈ میں سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہرام خان ترکئی نے کہاکہ سٹوڈنٹس فیسیلیٹیشن سنٹر میں طلبا کو تمام سہولیات ایک چھت تلے دستیاب ہوں گی،طلبا  و طالبات کیلئے تمام تر سہولیات آن لائن کر دی گئی  ہیں تاکہ وہ مشکلات سے بچ سکیں او ر ان کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہے، ذہین طلبا کیلئے مختلف سکالر شپس صوبائی حکومت کی طرف سے دیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ستوری د پختونخوا سکالر شپس کے تحت ہر بورڈ کے میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے 20,20 طلبا و طالبات کو 3لاکھ 60ہزار روپے کے سکالر شپس دئیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

شہرام خان ترکئی نے کہاکہ تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کے بجٹ میں ہرسال اضافہ کیا جارہا ہے، محکمہ تعلیم میں کرپٹ اور میرٹ کے خلاف کام کرنے والوں کے لئے کوئی جگہ نہیں، ڈیجیٹلائزیشن پالیسی پر عمل پیرا ہو کر کئی اہم پروگرام شروع کررکھے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کورونا  وائرس کے دوران امتحانات کا انعقاد بہت مشکل تھا مگر والدین، اساتذہ اور طلبہ  نے اس کو ممکن بنایا، طلبہ  کو ٹاٹ سے اٹھا کر فرنیچر دے رہے ہیں جس کے لئے 6ارب روپے مختص ہیں، بورڈ کو بااختیار بنارہے ہیں اور آئندہ محکمہ تعلیم کی بھرتی کا عمل تعلیمی بورڈ ز کے ذریعے کریں گے، بورڈز کے ذریعے بھرتی کرنے سے میرٹ اور شفافیت یقینی ہوگی اور کم وقت میں اساتذہ بھی دستیاب ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ  اس سال امتحانات میں جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مردان بورڈ کے 276 پوزیشن ہولڈرز کو" ستوری د پختونخوا پروگرام" کے تحت 8کروڑ 96لاکھ روپے دے رہے ہیں۔عاطف خان نے کہاکہ بچوں کو سہولیات دینا اور ان کی بہتر ذہن سازی کے لئے میرٹ پر فیصلے کرنا بہت ضروری ہے، میرٹ اور شفافیت کے لئے چیزیں آن لائن کرنا ضروری ہے جو مردان بورڈ نے کر دکھایا۔

انہوں نے کہاکہ سسٹم کو دیجیٹلائزڈ کرنے سے کرپشن پر قابو پایا جاسکتا ہے، بچوں کو محکمہ تعلیم میں بہتر اصلاحات کا عمل جاری ہے۔عاطف خان نے کہاکہ مردان بورڈ نے بہتر سنٹر بنایا ہے، وزیر تعلیم اور بورڈ انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 8سالوں سے عمران خان کے وژن کے مطابق محکمہ تعلیم اور صحت میں انقلابی اصلاحات ہورہے ہیں ، بچوں کو میرٹ پر نمبرات اور ایک جیسی سہولیات ملنی چاہیے تاکہ وہ احساس کمتری کا شکار نہ ہو۔بعدازاں انہوں نے ستوری د پختونخوا پروگرام کے تحت طلبا میں چیکس تقسیم کیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات