پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کا رحجان‘ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس انٹرا ڈے ٹریڈنگ میں ایک ہزار 243 پوائنٹس تک پہنچ گیا

پاکستان میں گندم، چینی اور اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا باعث بن سکتا ہے.ایشیائی ترقیاتی بنک کا حکومت کے معاشی منیجرزکے منہ پر طمانچہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 22 ستمبر 2021 16:45

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مندی کا رحجان‘ بینچ مارک کے ایس ای ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 ستمبر ۔2021 ) حکومت کے معاشی منیجروں کے دوعوﺅں کے برعکس پاکستان کی اقتصادی حالت بگڑتی جارہی ہے ایک طرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رحجان رہا اور بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس انٹرا ڈے ٹریڈنگ میں ایک ہزار 243 پوائنٹس تک پہنچ گیا تو دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بنک نے ملک میں مہنگائی میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا ہے.

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کابینچ مارک انڈیکس 46 ہزار 8 پوائٹس پر کھلا اور سیشن کے ابتدائی مراحلے میں تھوڑا سا بڑھ کر 46 ہزار 31 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا.

(جاری ہے)

اس کے بعد دوپہر ایک بج کر 12 منٹ پر 44 ہزار 788 پوائنٹس کے کی دن کی کم ترین سطح پر آگیا بعدازاں کی بحالی کا وقت شروع ہوا اور 2 بج کر 43 منٹ تک اس کے نقصان کو 680 پوائنٹس تک کم کر دیا، سیشن میں ابھی ایک گھنٹے سے بھی کم ٹریڈنگ باقی ہے.

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز میں تحقیق کے سربراہ سعد علی نے اس تنزلی کو مانیٹری پالیسی پر دیر سے ردعمل قرار دیا. انہوں نے کہا کہ زیادہ تر سروے کے مطابق مارکیٹ کی اکثریت کی طرف سے شرح میں اضافے کی توقع نہیں کی گئی تھی، اسٹیٹ بینک نے مزید اضافے کے لیے بھی رہنمائی کی ہے جس کا عام طور پر انڈیکس کے ساتھ الٹا تعلق ہے. سعد علی نے کہا کہ اگر پالیسی کی شرح میں اضافہ ہوتا رہا تو بینکوں کو مارکیٹ کو آگے بڑھانا چاہیے ان میں سے درمیانی درجے کے کھلاڑی بہتر کارکردگی کا امکان رکھتے ہیں.

انٹر مارکیٹ سیکیورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری کے مطابق ’مقامی ادارہ جاتی فروخت کے ساتھ مل کر غیر ملکی فروخت نے اسٹاک مارکیٹ کو تیزی سے نقصان پہنچایا ہے. انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافہ اگرچہ جائز اور معقول ہے اور یہ بڑھاوئے کا باعث بن سکتاہے رضا جعفری نے کہا کہ ڈپ خریدی کے امکان کو بڑھائے گی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کے نتیجے میں اعتماد بڑھ سکتا ہے.

ادھر ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت سے متعلق آﺅٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باوجود پاکستان میں معاشی سرگرمیاں فروغ پا رہی ہیں. رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نجی سرمایہ کاری کو تحفظ کی فراہمی سے کاروباری سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں بہتر پالیسیوں کے باعث مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے آﺅٹ لک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالیاتی پیکج اور بہتر پالیسیوں کے باعث پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، اس لئے رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو 4 فیصد تک رہنے کی توقع ہے، صنعت، تعمیرات اور مینوفیکچررنگ کے شعبوں سمیت زرعی شعبے کی بھی نمایاں بہتری کا امکان ہے.

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران مہنگائی کی شرح بڑھنے کا امکان ہے، گندم، چینی اور اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا باعث بن سکتا ہے.