پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک کا ڈاکٹر ایس ایم معین قریشی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت

بدھ 22 ستمبر 2021 17:45

اسلام آباد۔22ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2021ء) :اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ایس  ایم معین قریشی کی اردو ادب کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں،ان کے انتقال سے اردو ادب ایک منفرد لہجے کے ادیب سے محروم ہوگیا ہے۔ یہ بات  انہوں نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ایس  ایم معین قریشی نہ صرف اردو بلکہ انگریزی زبان میں بھی بہت مہارت رکھتے تھے۔

ان کے کالم پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک میں بھی شائع ہوتے تھے۔ ڈاکٹر یوسف خشک نے کہاکہ ڈاکٹر ایس ۔ایم معین قریشی اعلیٰ پائے کے مزاح نگار بھی تھے ، انہوں نے مزاح نگاری اور سفرناموں پرمشتمل متعدد کتابیں تحریرکیں۔ وہ 27کتابوں کے مصنف تھے جن میں ”اردو زبان و ادب (اردو ادب کی تاریخ )“، ”بقلم خود“، ”اب میں لکھوں کہ نہ لکھوں“، ”ٹیئرز فور چیئرز“اور دیگر کتب شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ا نہیں بہترین کالم لکھنے پر اے پی این ایس ایوارڈاورمختلف مواقع پر حکومت سندھ کی طرف سے ان کی ادبی وصحافتی خدمات کے صلے میں کیش ایوارڈ اور گولڈ میڈل سے بھی نوازاگیا۔ وہ آرٹس کونسل آف پاکستان اور پاکستان امریکن کلچرل سنٹرکے ممبر بھی رہے۔ 2003میں ان کی ادبی خدمات کی گولڈن جوبلی منائی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر یوسف خشک، نے مرحوم کے لئے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی دعا کی۔