ٹیکس آمدن چھپانے والوں کی سم بند کرنے اور بجلی و گیس کے میٹر منقطع کرنے کا اعلان

صدارتی آرڈیننس سے ٹیکس آمدن بڑھائیں گے اور ٹیکس آمدن چھپانے والوں کو نوٹس دیں گے، ٹیکس چوری ثابت ہوئی تو اس کی سم بند کریں گے جبکہ بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کریں گے، چیئرمین ایف بی آر

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 22 ستمبر 2021 18:44

ٹیکس آمدن چھپانے والوں کی سم بند کرنے اور بجلی و گیس کے میٹر منقطع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 22ستمبر 2021) ٹیکس آمدن چھپانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی تیاریاں،حکومت نے ٹیکس آمدن چھپانے والوں کی سم بند کرنے اور بجلی و گیس کے میٹر منقطع کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا ہے کہ ٹیکس چور کی سم بند کریں گے۔ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس سے ٹیکس آمدن بڑھائیں گے اور ٹیکس آمدن چھپانے والوں کو نوٹس دیں گے۔

ٹیکس چوری ثابت ہوئی تو اس کی سم بند کریں گے جبکہ بجلی اور گیس کے کنکشن بھی منقطع کریں گے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر کے ریمارکس پر حزب اختلاف کے ارکان نے احتجاج کیا۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کہا کہ محصولات میں اضافے کی تعریف ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے رکن نوید قمر نے کہا کہ ہمارے پوچھے گئے سوال کا جواب آنا ضروری ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر سابق وزیر خزانہ کے سوال پر مذاق کر رہے ہیں لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے سوال کا جواب دیا جانا ضروری ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس سے ٹیکس آمدن بڑھائیں گے اور میرا کام پالیسی بنانا نہیں بلکہ پالیسی پر عملدرآمد کرانا ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم ہونے سے آمدن کم ہو جائے گی۔

کمیٹی کی رکن عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ درآمدات بڑھنے سے کسٹم ڈیوٹی 47 فیصد بڑھی ہے لیکن ٹیکس آمدن بڑھنا خوش آئند نہیں بلکہ تشویش ناک ہے۔چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ڈیزل پر ٹیکس کی شرح کم ہے جس سے ٹیکس آمدن کم ہو گی اور پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کم ہونے سے 150 ارب کی آمدن کم ہو جائے گی،۔ رواں مالی سال محصولات 6 ہزار ارب روپے تک ہوں گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل حکومت کورونا ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو بھی یہ وارننگ جاری کر چکی ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی گائیڈ لائنز پر عمل پیرا نہ ہونے پر صارفین کی سم بند کر دی جائے گی۔ حکومت کے اس اعلان کے بعدملک بھر میں بڑی تعداد میں عوام نے کورونا ویکسین لگوائی تھی۔