شاہ محمود قریشی کی ناروے کی وزیر خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 22 ستمبر 2021 22:28

شاہ محمود قریشی کی ناروے کی وزیر خارجہ سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات ، علاقائی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس جے موقع پر ناروے کی وزیرخارجہ محترمہ اینا ایریکسن سوریڈا سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ، علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور ناروے کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، ناروے میں قیام پذیر پچاس ہزار پاکستانیوں کا ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور ناروے کے درمیان، تجارت، سرمایہ کاری اور تعمیر و ترقی کے شعبوں میں تعاون مثالی نوعیت کا ہے، دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی، توانائی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان، بیرونی سرمایہ کاروں کو پر کشش مراعات دے رہی ہے، ناروے کی بڑی کمپنیاں، ہماری کاروبار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما کر سکتی ہیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ناروے کے درمیان اگلے سیاسی مشاورتی اجلاس کے جلد انعقاد پر اتفاق کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ناروے کی پارلیمنٹ میں پاک-ناروے فرینڈشپ گروپ کا قیام، دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کے فروغ کیلئے سود مند ثابت ہو سکتا ہے، وزیر خارجہ نے، نارویجین ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور قیام امن کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ناروے کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا ممبر بنائے جانے پر، نارویجین ہم منصب کو مبارکباد دی ۔