میونسپل کارپوریشن میرپورکے زیراہتمام ہفتہ صفائی مہم تیسرے رو ز میں داخل ہوگئی

بدھ 22 ستمبر 2021 23:25

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) میونسپل کارپوریشن میرپورکے زیراہتمام ہفتہ صفائی مہم تیسرے رو ز میں داخل ہوگئی۔ میونسپل کارپوریشن کے عملہ سمیت دیگر محکموں کے اشتراک سے شہر کے مختلف سیکٹروں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ سڑکات اور نالیوں کی بھی صفائی کی جارہی ہے۔ بدھ کو تیسرے روزصفائی مہم کے دوران میرپورشہر کے سیکٹرایف ون،قائد اعظم چوک،سنگھوٹ،نانگی بازار،علامہ اقبال یونیورسٹی ایریا سمیت متعدد سیکٹروں میں کچرے اور روڈ ز پرمٹی کے ڈھیراٹھائے گے ہیں۔

اہلیان میرپورنے میونسپل کارپوریشن اور بالخصوص ڈپٹی کمشنر بدر منیر کی طرف سے میرپورکوصاف ستھرااور خوبصورت شہربنانے کے لئے جو اقدامات اٹھائے گے ہیں انہیں زبردست الفاظ میں سراہا گیا ہے اور کہا گیا کہ کامیاب صفائی مہم کے باعث میرپورشہرکی سڑکیں گلیاں اور محلے صاف ستھرے نظرآرہے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن وڈپٹی کمشنر بدرمنیر نے صفائی مہم کے کاموں کا معائنہ کیا اور میونسپل کارپوریشن کے شعبہ صحت وصفائی سمیت دیگرمحکموں کے اشتراک سے جاری صفائی مہم پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ میرپورشہرآزادکشمیرکے ماتھے کاجھومر ہے۔

اس شہرکی صفائی وستھرائی کے حوالے سے ہرفرد کواپنااپناکرداراداکرناچاہیے۔ انھوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ شہرکی صفائی وستھرائی کوقائم رکھنے کے لیے اپنے گھروں کاکوڑاکرکٹ کھلے عام جگہوں پرنہ پھینکیں اگرہم سب اپنے اپنے شہر کو صاف ستھرا شہر بنانے کے خواہشمند ہیں تو اس کے لئے کسی ایک ادارے کے بجائے ہمیں بحیثیت ذمہ دار شہری اپنے آس پاس کے ماحول کا صاف ستھرا رکھنا ہو گا اور گندگی کے موجب بننے والے جملہ عوامل کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔تب شہر کی صفائی اور ستھرائی قائم رہ سکتی ہے۔