حکومت کے احکامات پر عمل درآمد، کرونا ویکسین نہ لگوانے والے درجنوں افراد گرفتار

سندھ حکومت کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو گرفتار کرلیا، سکھر کے شہر پنو عاقل میں کرونا ویکسین نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 22 ستمبر 2021 20:55

حکومت کے احکامات پر عمل درآمد، کرونا ویکسین نہ لگوانے والے درجنوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 22ستمبر 2021) سندھ حکومت کے نئے احکامات کے بعد ویکسین نہ لگوانے والے افراد مشکل میں پھنس گئے، پولیس نے کورونا ویکسین نہ لگوانے والے درجنوں افراد کو گرفتارکر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے احکامات کی روشنی میں پولیس نے ویکسین نہ لگوانے والے 20 شہریوں کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سکھر کے شہر پنو عاقل میں کرونا ویکسین نہ کروانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران مختلف مقامات سے 20 شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔

ایس پی سکھر کے مطابق حکومتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروئی کی گئی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ کرونا ویکسین جلد از جلد لگوائیں۔ایس ایس پی نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں ویکسین نہ لگوانے والوں کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جنہیں گرفتار کر کے قانونی کاررروائی بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایس پی سکھر نے بتایا کہ آج گرفتار ہونے والے شہریوں کو تنبیہ کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ حکومت نے کرونا ویکسین نہ لگوانے والوں پر مختلف پابندیاں عائد کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔نوٹی فکیشن میں لکھا گیا تھا کہ ’موٹر ویز پر سفر کرنے والوں کے لیے کرونا ویکسینیشن 20 ستمبر تک لازمی ہے، مذکورہ تاریخ کے بعد ریل گاڑیوں، ہوم ڈیلیوری سروس کے اسٹاف کو اجازت نہیں ہوگی جبکہ بیس ستمبر تک ویکسین کی ایک خوراک نہ لگوانے والوں کو گرفتار بھی کیا جائے گا‘۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ ’بس سروسز کے اسٹاف کی ویکسینیشن نہ ہونے پر متعلقہ کمپنی کی بسوں اور اسٹینڈ کو سیل کیا جائے گا، ہوٹل، ریسٹورنٹ میں کام کرنے والے عملے کی ویکسینیشن نہ ہونے پر ہوٹل اور ریسٹورنٹ کو بھی سیل کیا جائے گا‘۔اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے سندھ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو احکامات پر عمل درآمد کرانے کا حکم جاری کیا تھا، جس میں لکھا گیا تھا کہ این سی او سی کی ہدایت پر ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔