ایف بی آر دفتر میں ہتھیار لے کر داخل ہونے والا شخص ادارے کی اعلیٰ خاتون افسر کا شوہر نکلا، اہم انکشافات

مذکورہ شخص کا گارڈز سے لینڈ کروزر کھڑی کرنے کی اجازت نہ دینے پر جھگڑاہوا، پولیس تفتیش میں ملزم سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے

بدھ 22 ستمبر 2021 21:59

ایف بی آر دفتر میں ہتھیار لے کر داخل ہونے والا شخص ادارے کی اعلیٰ خاتون ..
کراچی (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 22ستمبر 2021) ایف بی آر دفتر میں ہتھیار لے کر داخل ہونے والا شخص ادارے کی اعلیٰ خاتون افسر کا شوہر نکلا، مذکورہ شخص کا گارڈز سے لینڈ کروزر کھڑی کرنے کی اجازت نہ دینے پر جھگڑاہوا، پولیس تفتیش میں ملزم سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کراچی آفس کی پارکنگ میں ادارے کی ایک اعلیٰ خاتون افسر کے شوہر اور سیکیورٹی گارڈ میں جھگڑا ہو گیا، جس کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق واقعے کے بعد سیکیورٹی انچارج نے معاملے کی شکایت چیف کمشنر کو کر دی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چند سال قبل بھی ایف بی آر کی اعلیٰ افسر کے شوہر کا لارج ٹیکس یونٹ میں اسی طرح جھگڑا ہوا تھا۔ایف بی آر کے ریجنل ٹیکس دفتر میں بغیر اسٹیکر والی گاڑی کے ساتھ جب ایک نامعلوم شخص داخل ہوا تو وہاں موجود گارڈ نے اسے روکا، جس پر اس شخص نے تلخ کلامی شروع کر دی، اور ذرا دیر بعد اچانک اسلحہ نکال لیا۔

(جاری ہے)

ذرائع ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گاڑی پر سرکاری نمبر پلیٹ نہیں تھی، اس لیے ایف بی آر کے سیکیورٹی اہل کاروں نے اسے روکا تو اس وقت تک نامعلوم شخص نے اسلحہ نکال لیا، بعد میں معلوم ہوا کہ وہ اعلیٰ خاتون افسر کا شوہر ہے۔
ذرائع کے مطابق خاتون افسر کے شوہر نے گاڑی کھڑی کرنے پر گارڈ کے ساتھ تلخ کلامی کی، اس نے اسلحہ نکال کر سیکیورٹی اہل کاروں کو دھمکیاں بھی دی۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں اس شخص کو سنا جا سکتا ہے جو کہہ رہا ہے کہ میں ایس پی ہوں، تمھیں نہیں چھوڑوں گا۔معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص کو دفتر کے اندر لینڈ کروزر پارک کرنے سے روکا گیا تو وہ آپے سے باہر ہو گیا، ایف بی آر ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شخص نے سیکیورٹی اہل کاروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

متعلقہ عنوان :