Live Updates

وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو "کارنرڈ ٹائیگرز" قرار دے دیا

وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے بچنے کیلئے کھیلے،آپ کو جارہانہ انداز میں کھیلنا ہے، میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں: عمران خان کے قومی کرکٹرز کو مشورے

muhammad ali محمد علی جمعرات 23 ستمبر 2021 00:46

وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو "کارنرڈ ٹائیگرز" قرار دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2021ء) وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو "کارنرڈ ٹائیگرز" قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے منتخب ہونے والے قومی کرکٹرز نے وزیراعظم ہاوس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی۔ ملاقات میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، سینیٹر فیصل جاوید اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے انہیں "کارنرڈ ٹائیگرز" قرار دیا۔ ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے کھلاڑیوں کو کرکٹ کے حوالے سے ٹپس بھی دیں اور اپنے کرکٹ کیرئیر کے تجربات بھی شیئر کئے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ اللہ تعالی نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں،حضور صلی اللہ علیہ وسلم دنیا کے سب سے کامیاب ترین انسان ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا راستہ وہ ہے جو ہم پانچ وقت اللہ سے مانگتے ہیں، وہ راستہ جن پر اللہ کا انعام ہوا، کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انسان کو اللہ تعالی نے اشرف المخلوقات بنایا ہے، انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے، ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا، آپ کو پیسے کے بت کو توڑنا ہے۔ پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں لہذا آپ کو ٹیم اور قوم کیلئے کھیلنا ہے، پوری قوم اپکو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے،آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔

وزیراعظم نے کہاکہ آپ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، آپ میں ٹیم سپرٹ ہونا چاہئے۔ میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں۔ یاد رکھیں وہ ٹیم کبھی نہیں جیتتی جو ہار سے ڈرتی ہو، میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے جارحانہ کرکٹ کھیل کر اپنی کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا۔ لہذا آپ کو بھی جارہانہ انداز میں کھیلنا ہے اور یاد رکھیں دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیتتی۔ کبھی بھی ہار سے مت ڈریں، ہار سے انسان سیکھتا ہے، کوئی بھی کامیاب شخص ایسا نہیں گزرا جو زندگی میں ہارا نہ ہو۔ خود کو اعصابی طور پر مضبوط کریں،پریشر میں پریشان ہونے کی بجائے پریشر سے لطف اندوز ہونا سیکھیں اور محنت سے ایک مضبوط ٹیم بن کر دکھائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات