عرب اتحاد فوج کا حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ

یمن کے علاقے شبوہ میں حوثی ملیشیاء کے ٹھکانوں پر مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرفضائی حملہ کیا گیا ، ترجمان عرب اتحاد فوج نے فضائی کارروائی میں شہری ہلاکتوں کی تردید کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 ستمبر 2021 10:52

عرب اتحاد فوج کا حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ
ریاض ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) عرب اتحاد فوج نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا ، ترجمان عرب اتحاد فوج نے فضائی کارروائی میں شہری ہلاکتوں کی تردید کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن کے علاقے شبوہ میں حوثی ملیشیا کےٹھکانوں پر مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرفضائی حملہ کیا گیا ، اس حملے میں مقامی شہری آبادی کے جانی نقصان سے متعلق کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی ، حوثیوں کی طرف سے ایک بچے سمیت 9 عام شہریوں کوبے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارے جانے پر اقوام متحدہ کے بیان کو اتحادی فوج کی کارروائی کی مذمت سے جوڑنا افسوسناک ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یمن میں کی جانے والی کارروائیوں میں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ساتھ رابطہ کیا جاتا ہے ، یمن میں قائم انسانی حقوق دفتر کی طرف سے شبوہ میں کی جانے والی فوجی کارورائی کے بارے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق کوئی معلومات موصول نہیں ہوئیں ، عرب اتحاد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سرکاری ترجمان اسٹیفن ڈگریک کے اس بیان کا جائزہ لے رہا ہے جس میں انہوں نے صنعاء میں ایک بچے سمیت 9 افراد کو مجمع عام میں گولیاں مارکر قتل کرنے اور شبوہ میں ایک فضائی حملے میں 6 شہریوں کی ہلاکتوں کو آپس میں ملا دیا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ صرف 2روز قبل ہی عرب فوجی اتحاد نے حوثی باغیوں کا ایک اور حملہ ناکام بناتے ہوئے بارود سے بھری 2 کشتیاں تباہ کی تھیں ، اس حوالے سے ایک بیان میں ترجمان عرب اتحاد نے کہا کہ حوثی باغی آبنائے باب مندب اور بحیرہ احمر کے جنوب میں عالمی تجارت اور جہاز رانی کے لیے مسلسل خطرات پیدا کر رہے ہیں ، اسی مقصد کے لیے ان کی جانب سے ایک اور حملے کا منصوبہ بنایا گیا جس کو ناکام بنادیا گیا۔

قبل ازیں 16 ستمبر کو بھی سعودی عرب نے حوثی حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 بارودی ڈرون طیارے فضاء میں تباہ کردیے ، حوثی باغیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل بھی تباہ کر دیا گیا ، سعودی عرب کی افواج نے جمعے کے روز علی الصبح حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے گئے 4 بارودی ڈرون طیاروں کو فضا میں تباہ کیا ، یہ ڈرون طیارے مملکت کے صوبے جازان میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے اس دوران حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والے ایک بیلسٹک میزائل کو بھی تباہ کیا گیا۔