نیوزی لینڈ ٹیم کو ان کی فوج سے زیادہ سکیورٹی دی تھی،شیخ رشید نے درست کہا تھا؟

کیوی بری فوج کے اہلکاروں کی تعداد 4848 ،آرمی کے پاس کوئی ٹینک،فضائیہ کے پاس کوئی لڑاکا طیارہ نہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 23 ستمبر 2021 12:34

نیوزی لینڈ ٹیم کو ان کی فوج سے زیادہ سکیورٹی دی تھی،شیخ رشید نے درست ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر منسوخ کیا تو وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے باقاعدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہمان ٹیم کی کرکٹ ٹیم کو اتنی سکیورٹی دی جتنی ان کی اپنی فوج نہیں ہے۔ ملکی و غیر ملکی ذرائع ابلاغ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی جانب سے دیے گئے بیان پر مختلف ردعمل ظاہر کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے موقع پر وہی سکیورٹی دی گئی تھی جو برطانوی شاہی خاندان کے جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کو 2019ء میں ان کے دورہ پاکستان پر ملی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق نیوزی لینڈ کی ریگولر فوج اور ریزرس دستوں کی کل تعداد 12424 اہلکاروں پر مشتمل ہے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی آفیشل ڈیفنس فورسز کی ویب سائٹ کے مطابق ریگولر فورسز میں بری فوج کے اہلکاروں کی تعداد 4848، فضائیہ کے 2541 اور نیوی کے 2334 اہلکار ہیں۔

اس طرح کل تعداد مجموعی طور پر9723 ہے۔ نیوزی لینڈ کے ریزور فوج کی تعداد 2701 ہے جس میں آرمی کے 1864، نیوی کے 535 اور ایئرفورس کے 302 اہلکار ہیں۔ دنیا کی فوجی طاقتوں کا موازنہ پیش کرنے والی ویب سائٹ گلوبل فائر پاور کے مطابق فوجی طاقت کے حوالے سے 140 ممالک میں سے نیوزی لینڈ کا نمبر 84 واں ہے۔ اس کی فضائیہ کے پاس مجموعی طور پر 47 طیارے اور ہیلی کاپٹر ہیں جن میں کوئی بھی بمبار یا لڑاکا طیارہ شامل نہیں ہے۔

نیوزی لینڈ کے پاس 22 ہیلی کاپٹر، 12 ٹریننگ طیارے، 7 ٹرانسپورٹ کے طیارے اور 6 سپیشل مشنز طیارے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی چھوٹی سی آرمی کے پاس کوئی ٹینک تک نہیں ہے۔ نیوزی لینڈ کی فوج کے پاس کل 435 گاڑیاں اور 24 آرٹلری گنز ہیں۔ نیوزی لینڈ جزیرے پر مشتمل ملک ہے جس کی بحریہ کا یہ حال ہے کہ اس کے مجموعی اثاثوں کی تعداد صرف 11 ہے۔ کیوی بحریہ کے پاس نہ کوئی ایئر کرافٹ کیریئر ہے اور نہ کوئی ڈسٹرائر ہے۔ اس کے پاس 4 پٹرولنگ کی کشتیاں اور صرف 2 فریگیٹس ہیں۔ اگر نیوزی لینڈ کی فوجی طاقت کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو شیخ رشید کا یہ دعویٰ کہ ’جتنی ہم نے سکیورٹی دی اتنی تو نیوزی لینڈ کی فورس بھی نہیں‘ کچھ غلط نہیں لگتا۔