میں آرمی چیف کو ایکسٹینشن کا ووٹ دینے والی ن لیگ میں شامل نہیں تھی

چئیرمین نیب کی توسیع کا باقاعدہ اعلان ہو تو اپنا ردِعمل دیں گے،میں پہلی والی ایکسٹینشن کے گناہ میں شریک نہیں تھی۔نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی صحافیوں سے گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 23 ستمبر 2021 13:23

میں آرمی چیف کو ایکسٹینشن کا ووٹ دینے والی ن لیگ میں شامل نہیں تھی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2021ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں آرمی چیف کو ایکسٹینشن کا ووٹ دینے والی ن لیگ میں شامل نہیں تھی۔ انہوں نے اسلام آباد میں کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چئیرمین نیب کی توسیع کا باقاعدہ اعلان ہو تو اپنا ردِعمل دیں گے۔حکومتی پالیسی ہے نیب سے اپوزیشن کا کردار نکال دیا جائے اور حکومتی وزراء کے بھائیوں کو ڈال دیا جائے۔

حکومت کا الیکٹرانک ووٹنگ کی بات کرنا دھاندلی کا ہی منصونہ ہے۔جس حکومت کی بنیاد ہی دھاندلی ہے اس کا شفافیت سے کیا تعلق ہے۔حکومت کو چار سال بعد بھی دھاندلی کا سہارا لینا پڑا رہا ہے۔صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ ایک ایکسٹینشن پہلے دی گئی تھی اب چئیرمین نیب کو دی جا رہی ہے اس پر کیا کہیں گی؟ جس کے بعد جواب میں مریم نواز نے کہا کہ پہلی والی ایکسٹینشن کے گناہ میں شریک نہیں تھی۔

(جاری ہے)

صحافی نے پوچھا کہ مسلم لیگ ن نے ووٹ تو دیا تھا جس پر مریم نواز نے جواب دیا میں اُس مسلم لیگ ن میں نہیں تھی۔اس سے قبل گذشتہ روز مریم نواز نے کہا تھا کہ 2018میں ہمارے لوگوں کے منہ پر تھپڑ مارے گئے،وفاداری تبدیل کرنے کا کہا گیا ،یہ آپ کی عزت نفس کی اور حق کی جنگ ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر نوازشریف کا بیانیہ غلط ہے تو ٹھیک کیا ہی غلط کو ٹھیک کہو،پارٹیاں توڑو،میڈیا کی زبان بندی کرو،پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہ ہو،غیر متعلقہ لوگ اس کو چلائیںاسمبلی میں ووٹ ڈالنے کے لئے دبائو ڈالا جائے ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں دشمن کے پراپیگنڈے کا شکار نہیں ہونا چاہیے ۔ ڈسکہ الیکشن کے بعد ہم سرجھکا لیتے تو ہمیں اپنا حق نہ ملتا،الیکشن کمیشن اور عدالت کو ہمارا حق ہمیں دینا پڑا،وہ دن دور نہیں جب ان کے پاس امیدوار بھی نہیں ہوں گے ،ان کو حلقے میں پتھر پڑیں گے ، کیا یہ مہنگائی،بیروزگاری،چوریاں ڈاکوئوں پر ووٹ مانگیں گی ،معیشت کی تباہی اور پاکستان کی عزت ختم کرنے پر ووٹ مانگیں گے،کیا نوازشریف کے لئے کوئی اسلام آباد کے میئر کی بات کرسکتا تھا ۔

ا نہوں نے کہا کہ ہمیں بتایاگیا کہ نوازشریف اپنے قد سے بڑھ گیا ، کہاگیا اگر کوئی اپنے قد سے بڑھ جائے تو ہمیں کاٹنا آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے پاس نوازشریف اور شہبازشریف جیسے بہادر لیڈر موجود ہیں،انہوں نے خدمت کے ریکارڈ قائم کیے ہیںاب یہ آپ کی طرف آنکھ اٹھاکر نہیں دیکھ سکتے کیونکہ یہ کمزور ہوچکے ہیں،آپ کے لیڈر کا اتنا خوف ہے کہ میڈیا پر ان کی آواز بند ہے ،اگر حوصلہ ہے تو ان کی آواز کھولو، یہ آج بھی میاں صاحب کو جیل میں بند کرنا چاہتے ہیں تاکہ زبان بندی ہو سکے۔