شاہ محمود قریشی کی سلو وینیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان،مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، مخدوم شاہ محمود قریشی کی گفتگو افغانستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو یکساں طور پر ہو گا، حالات بگاڑ کا شکار ہوئے تو سب متاثر ہوں گے

جمعرات 23 ستمبر 2021 14:02

شاہ محمود قریشی کی سلو وینیا کے وزیر خارجہ سے ملاقات ،دو طرفہ تعلقات ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلووینیا کے وزیر خارجہ اینزے لوگار کے ساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ سلووینیا ، یورپی یونین کا اہم ملک ہے، پاکستان، سلووینیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی صدارت کا منصب سنبھالنے پر سلووینیا کے وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں بننے والی نئی حکومت اجتماعیت کی حامل ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان،مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوںنے کہاکہ افغانستان میں قیام امن کا فائدہ پورے خطے کو یکساں طور پر ہو گا، حالات بگاڑ کا شکار ہوئے تو سب متاثر ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغانستان میں اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے، افغانستان میں ممکنہ انسانی و اقتصادی بحران کے پیش نظر، عالمی برادری کو، افغانوں کی معاونت کیلئے موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔وزیرخارجہ نے اپنے ہم منصب کو، دیگر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونیوالے روابط سے آگاہ کیا ۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانستان کے قریبی پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ اور ایس سی او سمٹ کے موقع پر ایس سی او اور سی ایس ٹی او کے وفود کے سربراہوں کے ساتھ ہونیوالی گفتگو سے سلووینیا کے وزیر خارجہ کو مطلع کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے 37 ممالک کے باشندوں اور بین الاقوامی اداروں سے تعلق رکھنے والے 14 ہزار سے زائد افراد کو کابل سے محفوظ انخلاء میں بھرپور مدد فراہم کی، وزیر خارجہ لوگر نے بین الاقوامی انخلاء کی کوششوں کو آسان بنانے میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سلووینیا کے درمیان اعلیٰ سطحی تبادلوں کے ذریعے باہمی روابط بڑھانے پر اتفاق کیا، وزیر خارجہ نے سلووینیا کے وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دی،دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی مسائل پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔