حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر میزائل حملہ

سعودی عرب کے دفاعی نظام نے جازان کی جانب داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 23 ستمبر 2021 14:37

حوثی باغیوں کا سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر میزائل حملہ
جازان ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 ستمبر 2021ء ) حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر میزائل حملہ کردیا ، مملکت کے دفاعی نظام نے جازان کی جانب داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے یہ حملہ مملکت کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر کیا گیا تاہم سعودی عرب کے دفاعی نظام کی جانب سے یمن کی حوثی ملیشیاء کا جازان کی طرف داغے جانے والے اس بیلسٹک میزائل کو فضاء میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

ایک بیان میں عرب اتحادی فوج نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے حالیہ مہینوں میں سعودی شہری املاک کو نشانہ بنانے کی سرگرمیوں میں تیزی ہو گئی ہے تاہم بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں یمن کے اندر موجود ان حملوں کے ماسٹر مائنڈز کو ہر ممکن طور پر نشانہ بنایا جائے گا تاکہ ان حملوں کے سلسلے کو ختم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

ادھرعرب اتحاد فوج نے حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا ، ترجمان عرب اتحاد فوج نے فضائی کارروائی میں شہری ہلاکتوں کی تردید کردی ، عرب اتحادی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ یمن کے علاقے شبوہ میں حوثی ملیشیا کےٹھکانوں پر مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرفضائی حملہ کیا گیا ، اس حملے میں مقامی شہری آبادی کے جانی نقصان سے متعلق کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی ، حوثیوں کی طرف سے ایک بچے سمیت 9 عام شہریوں کوبے دردی کے ساتھ موت کے گھاٹ اتارے جانے پر اقوام متحدہ کے بیان کو اتحادی فوج کی کارروائی کی مذمت سے جوڑنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن میں کی جانے والی کارروائیوں میں کے بارے میں اقوام متحدہ کے ساتھ رابطہ کیا جاتا ہے ، یمن میں قائم انسانی حقوق دفتر کی طرف سے شبوہ میں کی جانے والی فوجی کارورائی کے بارے میں عام شہریوں کی ہلاکتوں سے متعلق کوئی معلومات موصول نہیں ہوئیں ، عرب اتحاد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے سرکاری ترجمان اسٹیفن ڈگریک کے اس بیان کا جائزہ لے رہا ہے جس میں انہوں نے صنعاء میں ایک بچے سمیت 9 افراد کو مجمع عام میں گولیاں مارکر قتل کرنے اور شبوہ میں ایک فضائی حملے میں 6 شہریوں کی ہلاکتوں کو آپس میں ملا دیا۔