وفاقی وزارت تعلیم ہنر کی تعلیم کو سکولز میں متعارف کرانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے ، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی راجہ خرم نواز اور علی نواز اعوان سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 23 ستمبر 2021 16:14

وفاقی وزارت تعلیم  ہنر کی تعلیم کو سکولز میں متعارف کرانے کے لئے عملی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2021ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود سے  وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان، ممبر آف نیشنل اسمبلی، راجہ خرم نواز نےملاقات کی۔ ملاقات میں اسلام آباد کے رورل ایریاز کے لئے ایک پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ کھولنے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا جس میں خصوصی طور پر طالبات کو ہنر کی تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔

ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے شرکا کو اسلام آباد میرا بگوال کالج پر بھی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ہدایات جاری  کیں کہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس و ٹیکنالوجی جو کہ اسلام آباد میں اپنا کیمپس کھولنے کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں ، سے اس سلسلے میں تبادلہ خیال کیا جائے کہ سائنس اور انجینئرنگ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ وہ پولی ٹیکنک کا شعبہ بھی قائم کریں اور ایک ہفتے میں مختلف آپشنز پر تجاویز کو حتمی شکل دیکر پیش کی جائیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم نے ممبران قومی اسمبلی کو آگاہ کیا کہ ہنر کی تعلیم کو سکولز میں متعارف کرانے کے لئے وفاقی وزارت تعلیم عملی اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں اسلام آباد کے 30 سکولز میں میٹرک ٹیک پراجیکٹ کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔ طلبہ کو ہنر کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے نیوٹیک ہنر مند اساتذہ مہیا کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں اسکولز میں خصوصی ورکشاپس بنائی جارہی ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا موجودہ حکومت عمومی تعلیم کیساتھ ہنر کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے تا کہ طلبہ کو عمومی تعلیم کیساتھ ہنر کی تعلیم دیکر باعزت روزگار کے حصول کے زیادہ سے ذیادہ مواقع مہیا کر سکیں۔