Live Updates

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کر دیا

تین سال شہبازشریف کے خلاف نیب کے فیک نیوز ذرائع استعمال کیے ، ذرائع سے فیک خبریں چلانےکےبجائےذرائع کوعدالت میں پیش کریں۔ مریم اورنگزیب

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 ستمبر 2021 16:23

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 ستمبر 2021ء) : ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ 3سال شہبازشریف کے خلاف نیب کے فیک نیوز ذرائع استعمال کیے ، اب ایف آئی اے کے فیک نیوز ذرائع استعمال کئے جا رہے ہیں ، ملک میں فیک نیوز پرپاپندی لگی تو عمران حکومت ختم ہو جائےگی۔

انہوں نے کہا کہ نیب ،ایف آئی اے ذرائع کو آٹا،چینی چوروں ، بی آر ٹی ، بلین ٹری ، ہیلی کاپٹر کیس کی خبریں کیوں نہیں ملتی ، ذرائع سے فیک خبریں چلانےکےبجائےذرائع کوعدالت میں پیش کریں، ذرائع سے خبریں چلانےوالےعدالتوں سےبھاگ جاتےہیں۔ مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب ! شہباز شریف کے خلاف فیک نیوز نہ چلائیں،ثبوت لائیں۔

(جاری ہے)

کتنی بارایک جھوٹ کوبار بار فیک نیوز بنا کرچلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز سےمہنگائی، بیروزگاری،معاشی تباہی سے توجہ نہیں ہٹے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ جھوٹے کیسزکی عدالتوں میں بار بار تفتیش ہوچکی ، شہبازشریف کے خلاف دھیلے کی کرپشن نہیں ملی عمران صاحب کی تسلی نہیں ہو رہی۔فیک نیوز کے ماہر آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوروں کے بارے میں بتائیں، عمران صاحب فیک نیوز میں آپ پہلے سے مطلوب اورمفرور ہیں ، شہبازشریف کی جانب سے 10 ارب ہتک عزت کےکیس میں حاضر ہوں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف ہتک عزت اور 10 ارب کے ہرجانہ کیس دائر کر رکھا ہے۔ 25 اپریل 2017ء میں شوکت خانم اسپتال میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ انہیں پاناما کیس پر خاموشی اختیار کرنے کے عوض 10 ارب روپے کی پیشکش کی گئی تھی۔ اس کے بعد عمران خان نے ایک انٹرویو کے دوران مالی پیشکش کرنے والے شخص کا نام تو نہیں بتایا البتہ ان کا کہنا تھا کہ وہ شخص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا بہت قریبی ہے۔ جولائی 2017ء میں شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات