امام مسجد کی بیٹی روم کی سٹی کونسل کے منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لے گی

جمعرات 23 ستمبر 2021 17:09

روم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) اٹلی میں مقیم مصری مبلغ اور مسجد کے امام کی 20 سالہ بیٹی دارالحکومت روم کی سٹی کونسل کے منعقد ہونے والے انتخابات میں حصہ لے گی ،امام مسجد کی بیٹی مریم علی اگرسٹی کونسل کے ارکان کے انتخابات میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو روم میں وہ پہلی مسلمان خاتون ہوں گی جو سٹی کونسل کے اس اہم عہدے پر فائز ہوگی۔

مریم علی یونیورسٹی میں قانون کے مضامین کی طالبعلم ہیں، انہوں نے اپنے نام سے ایک یوٹیوپ چینل بھی بنا رکھا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے والد سامی سلیم نے قاہرہ یونیورسٹی سے قانون اور اسلامک اسٹڈیز میں گریجوایشن کی دو ڈگریاں حاصل کی ہیں۔مصری عالم دین سامی محمد علی کی اہلیہ بھی مصری ہیں۔ مریم علی کے علاوہ ان کی تین مزید بیٹیاں تسنیم، صفا اور امینہ بھی ہیں۔

سامی سالم قاہرہ سے 125 کلو میٹر دور الدقھلیہ گورنری کے نواحی علاقے البصراط کی رہائشی ہیں۔ وہ 1994 کو اپنے خاندان کے ہمراہ اٹلی منتقل ہوگئے تھے۔اٹلی آنے کے 10 سال بعد انہوں نے وہاں ایک چھوٹی مسجد بنائی جسے مسجد ’فتح‘ کا نام دیا گیا۔سامی سالم کی بیٹی مریم سوشل میڈیا ایکٹی ویسٹ ہیں۔’مصر24‘ چینل کی ویب سائٹ کے مطابق سامی سالم بچپن سے مریم کے ساتھ ہیں اور فلاحی کام کررہے ہیں۔