ماہ میلادالنبیؐکو شایان شان انداز سے منانے کیلئے مرکزی سیرت کمیٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس (کل) ہو گا ،انتظامات مکمل

جمعرات 23 ستمبر 2021 18:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء)مرکزی سیرت کمیٹی نے ماہ میلادالنبیؐ کو شایان شان انداز سے منانے کیلئے مرکزی سیرت کمیٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس کل بعد نماز جمعة المبارک بوقت 03بجے سہہ پہر جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین مرکزی عیدگاہ میں منعقدہوگا۔ اجلاس کی صدارت صدر صاحبزادہ پیر محمدسلیم چشتی کریں گے، اجلاس کے حوالے سے اراکین جنرل کونسل سے رابطے مکمل، مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمدرضا کے مطابق اجلاس کے سلسلہ میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ، انہوں نے کہاکہ جنرل کونسل کے جملہ اراکین جن میں تنظیم ہاء اہلسنت کے ذمہ داران شامل ہیں کسی بھی وجہ سے دعوت نامہ نہ ملنے کی صورت اس خبر کو دعوت نامہ تصور کرتے ہوئے اجلاس میں بروقت شریک ہوں تاکہ ماہ میلادالنبیؐ منانے کے حوالے سے اقدامات پر غوروخوض کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

عتیق احمدرضا نے کہاکہ موجود حالات میں جبکہ ایک وباء کی آڑ میں مسلمانوں کو دین اسلام سے دورکرنے، دینی شعائر، عقائد و دینی نظریات سے منحرف کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، پہلے سے زیادہ پرجوش اندازسے جشن میلادالنبیؐ منانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جشن میلادالنبیؐاس کے سوا اور کیا ہے کہ ایک امتی اپنے پیارے نبیؐ کی محبت میں آپؐ کی ولادت باسعادت کی خوشی مناتا ہے، محفل میلادالنبیؐ منعقد کرکے آپؐ کی تعلیمات ،قرآن و سنت کا پرچارکرتاہے، غرباء و مساکین کی مدد کرتاہے اور اپنے پیارے آقا و مولا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت و قربت اور وابستگی کااظہار کرتاہے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں مساجد کو آباد کرکے اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کو عام کیا جائے۔ اپنی نسل نو کو نبی اپک علیہ السلام کی شریعت مطہرہ سے واقف بنایا جائے، انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی نجات صرف اور صرف اللہ تعالیٰ اور اس کے رسو ل صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ماہ مبارک میں صفائی ستھرائی، درودوسلام کی کثرت ،غرباء کی مدداور خوشیوں کا اہتمام کرنا دارین کی سعادت کا زریعہ ہے۔