لندن میں موجود نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کرونا ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کا انکشاف، دو ملازمین معطل

ریکارڈ کے مطابق سابق وزیر اعظم کو کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں سائنو ویک کی پہلی ڈوز لگی،تین رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دید گئی محکمہ صحت نے ایف آئی اے کو بھی خط لکھ دیا،ٹیم نے ہسپتال پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ،تمام ریکارڈ فراہم کر دیا گیا‘ ہسپتال ذرائع

جمعرات 23 ستمبر 2021 18:53

لندن میں موجود نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کرونا ویکسی نیشن کے جعلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) لندن میں موجود سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے شناختی کارڈ پر کرونا ویکسی نیشن کا جعلی اندراج کردیا گیا ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے جعلی اندراج کرنے والے دو ملازمین کو معطل کر دیا ،وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی جس کے بعد تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے جو اڑتالیس گھنٹوںمیں رپورٹ فراہم کر ے گی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے شناختی کارڈ پر 22ستمبر کو ویکسی نیشن کا اندراج کیا گیا تھا جو نادرا پورٹل پر بھی اپ لوڈ ہوگیا۔نادرا پورٹل پر درج کی گئی تفصیل کے مطابق نواز شریف کو کرونا وائرس سے بچا ئو ے کیلئے چینی کمپنی سائنو ویک کی پہلی ڈوز لگائی گئی۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی ویکسین کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ویکسی نیشن سینٹر میں اندراج کیا گیا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کی کورونا ویکسین کی جعلی انٹری کرنے والے دونوں ملازمین نے غلطی کااعتراف کرلیا جس پر دونوں کو معطل کردیا گیا ۔ویکسین کے جعلی اندراج کرنے کے معاملے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال ڈاکٹرندیم نے کہا ہے کہ دوملازمین نے نوازشریف کی جعلی انٹری کی، نوازشریف کی جعلی انٹری کرنے والے دونوں ملازمین نے غلطی کااعتراف کرلیا ہے۔

جعلی انٹری کرنے والے ملازمین کو معطل کرتے ہوئے بتایا کہ جعلی اندراج کرنے والے ملازمین ابوالحسن اورعادل رفیق نے کسی کے کہنے پر جعلی انٹری کی۔محکمہ صحت نے نوازشریف کے جعلی اندراج کی تحقیق کیلئے ایف آئی اے کو خط بھی لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ویکسی نیشن سنٹر پر نوید نامی ویکس نیٹر کی آئی ڈی استعمال کی گئی، جعلی انٹری کیسے اور کس نے کروائی ایف آئی اے تحقیق کرے۔

علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب نے نواز شریف کی کورونا ویکسی نیشن کے غلط اندراج کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کورونا ویکسین کے غلط اندراج کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ مانگ لی اور جامع تحقیقات کا حکم دیا۔وزیر اعلیٰ نے کہاہے کہ غلط اندراج کی ہر پہلو سے انکوائری کر کے 48گھنٹے میں رپورٹ دی جائے، کوتاہی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

واقعے کی تحقیقات کیلئی3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، کمیٹی میں ڈاکٹرمنیراحمد، ڈاکٹرسلمان احمد،ڈاکٹرسلطان ہارون شامل ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق نوازشریف کی ویکسی نیشن کے غلط اندراج کے معاملے کی تحقیقات کیلئے ایف آئی اے کی ٹیم نے کوٹ خواجہ سعیدہسپتال کا دورہ کیا جنہیں ابتدائی طو رپر تمام ریکارڈ فراہم کر دیا گیا ہے ۔