حکومت اور اپوزیشن دونوں مشترکہ طور پر مہنگائی کے ذمہ دار ہیں‘مجید غوری

پورے شہر میں بھتہ مافیا کا راج ہے جو پرچی فیس کے نام پر ریلوے سٹیشن اور دیگر مقامات سے وصول کیا جاتا

جمعرات 23 ستمبر 2021 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2021ء) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ جان لیوا مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے بعد غریب عوام پر بجلی گرانے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، حکومت اور اپوزیشن دونوں مشترکہ طور پر مہنگائی کے ذمہ دار ہیں، کیونکہ اپوزیشن کے پاس بھی سینکڑوں ایم این اے اور ایم پی اے ہیں اگر وہ چاہیں تو مہنگائی کو روک سکتے ہیںلیکن نہیں روکتے، لیکن جب مراعات اورتنخواہوںمیں اضافے کا بل پیش کیا جاتا ہے تو سب مل کر پاس کروا لیتے ہیں، پورے شہر میں بھتہ مافیا کا راج ہے جو پرچی فیس کے نام پر ریلوے سٹیشن اور دیگر مقامات سے وصول کیا جاتا ہے۔

انکار پر تشدد کیا جاتا ہے اور تھانے میں بند کروا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے سٹیشن پر مہنگائی ، بے روزگاری اور پرچی مافیا کی بھتہ خوری کے خلاف سینکڑوں رکشہ ڈرائیوروں کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مجید غوری کا کہنا تھا کہ میں مزدورو ں، کسانوں، تاجروں، وکیلوں، نوجوانوں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ متحد ہو جائیں۔مہنگائی کی تحریک میں میرا ساتھ دیں میں مہنگائی کے سونامی کے آگے بند باندھ کر دکھائوںگا۔میں کل سے تمام سیاسی جماعتوںکے رہنمائوں، مزدوروں، کسانوں ، ٹرانسپورٹروں ،تاجروں سے ملاقاتوںکو سلسلہ شروع کررہا ہوں جس میںسب کو مہنگائی کیخلاف موچی دروازہ کے بہت بڑے جلسہ کی دعوت دوں گا۔