نوازشریف کا جعلی ویکسینیشن اسکینڈل، سوچی سمجھی سازش کا انکشاف

سازش میں ن لیگ کا ایک سابق یونین کونسل عہدیدار اور دو افراد ملوث ہیں جنہیں ن لیگ دور میں بھرتی کیا گیا تھا،ویکسینیشن سنٹر میں لگے کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ضائع کرنے کی کوشش کی گئی۔میڈیا رپورٹ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 24 ستمبر 2021 13:02

نوازشریف کا جعلی ویکسینیشن اسکینڈل، سوچی سمجھی سازش کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر 2021ء) : سابق وزیراعظم نوازشریف کی جعلی ویکسینیشن اسکینڈل میں مزید انکشافات سامنے آ گئے۔معاملے میں 3 افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے ایک یونین کونسل کا سابق عہدیدار بھی ہے جب کہ باقی دو بھی بڑے عہدوں پر فائز ہیں۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نوازشریف کا جعلی ویکسی نیشن کا اندراج کوئی غلطی نہیں بلکہ سوچی سمجھی سازش تھی جس میں ن لیگ کا ایک سابق یونین کونسل عہدیدار اور دو افراد ملوث ہیں جنہیں ن لیگ دور میں بھرتی کیا گیا تھا۔

نوازشریف کا شناختی کارڈ نمبر ایک سادہ کاغذ پر لکھ کر انٹری کے لیے بھیجا گیا۔انٹری کے لیے پرچی لے کر جانے والا اسپتال کا ملازم تھا۔پرچی دیتے ہوئے اعلیٰ افسر کا نام لے کر اندراج کے لیے کہا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ویکسینیشن سنٹر میں لگے کیمروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ضائع کرنے کی کوشش کی گئی۔ڈیٹا انٹری کرنے والا عادل تاحال غائب ہے جب کہ اندراج کے بعد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت نوازشریف کے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی پھیلائی گئی۔

اسپتال میں 80 فیصد عملہ ن لیگ کے دور میں بھرتی ہوا،
۔یاد رہے کہ گذشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کی خبر آئی تھی۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسین کا جعلی اندراج ہوا۔ جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر اپ لوڈ بھی کیا گیا۔اندراج میں نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔

ذرائع کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے مطابق سابق وزیراعظم کی ویکسین کی انٹری نوید الطاف نامی ویکیسنیٹر نے کی۔ دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لئے 20 اکتوبر کو بھی بلایا گیا۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے شناختی کارڈ کا اندراج لاہور کے کوٹ خواجہ سعید ویکسی نیشن سینٹر میں ہوا۔