Live Updates

کپاس کی بہتر فصل کے باعث کسانوں کو 300ارب روپے اضافی ملنے کا امکان ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

پہاڑوں کے پانی کاکا بہتر استعمال کرتے ہوئے پونے 2کروڑ ایکڑ زمین کو سیراب کرنے کی کوشش کی جائیگی‘ معاون خصوصی

جمعہ 24 ستمبر 2021 13:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ رواں سال کپاس کی بہتر فصل کے باعث کسانوں کو 300ارب روپے اضافی ملنے کا امکان ہے جبکہ ویلیو ایڈیشن کے باعث صنعتی پیداوار کی مد میں تقریباً ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہونے جارہا ہے ،پاکستان میں پہاڑوں سے آنے والے پانی کو آج تک استعمال میں لانے کا کام نہیں ہوا تھا تاہم موجودہ حکومت اس پر بھی مثبت پیشرفت کر رہی ہے اور انشا اللہ آنے والے وقت میں اس کا بہتر استعمال کرتے ہوئے پونے 2کروڑ ایکڑ زمین کو سیراب کرنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ ماضی میں یہ پانی صرف سیلاب او رتباہی لاتا تھا۔

اپنے ایک بیان میں جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں کپاس کی فصل دوبارہ بحالی کی جانب گامزن ہے اور قو ی امید ہے کہ اس سال ہم اپنا مقرر کردہ ہدف حاصل کر لیںگے جس سے کسانوں کو 300ارب روپے اضافی ملنے کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

کپاس کی پیداوار بڑھنے سے درآمدی بل بھی کم ہوگا جبکہ ہماری صنعتوں کو بھی زیادہ خام مال میسر آنے سے برآمدات بھی بڑھیں گی ۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ماضی میں صرف ڈنگ ٹپائو پالیسیاں جاری رکھی گئیں جبکہ موجودہ حکومت بدلتے حالات کے تناظر میں اصلاحات کر رہی ہے اور ہم جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہے ہیں جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشا اللہ ہم اپنی زرعی اجناس کی پیداوار کو بڑھا رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ہم نے اپنی عوام کو دنیا کو اتنی مقدار میں خوراک مہیا کرنی ہے جو عالمی سطح پر طے شدہ معیار ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات