Live Updates

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آرڈیننس کا کوئی مسودہ تیار نہیں کیا،

آئندہ ہفتے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت کامعاملہ واضح ہوگا۔ وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 24 ستمبر 2021 15:28

چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کیلئے آرڈیننس کا کوئی مسودہ تیار ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر 2021ء) : وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ آئندہ ہفتے چئیرمین نیب کو توسیع دینے کا معاملہ واضح ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس اقبال کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق وزیر قانون فروغ نسیم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے آرڈیننس کا کوئی مسودہ تیار نہیں کیا۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے سامنے 4 سے 5 مرتبہ چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ زیر بحث آیا ، آئندہ ہفتے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت کامعاملہ واضح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے نام کا انتخاب وزیراعظم کی صوابدید ہے، اس سارے معاملے پر وزیراعظم کو صرف مشورہ دے سکتا ہوں۔ وزیراعظم چیئرمین نیب کے لیے ایک نہیں بلکہ ایک سے زائد ناموں پر غور کریں گے، وزیراعظم جس امیدوار کومناسب سمجھیں گے وہ اسی کا انتخاب کریں گے۔

(جاری ہے)

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج اقوام متحدہ سے خطاب کر رہے ہیں ، وزیراعظم سے آج اس معاملے پر مشاورت کرنا مناسب نہیں۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ چئیرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے سے اپوزیشن کو باہر رکھنے کا بھی قوی امکان ہے۔ اس ضمن میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم آئندہ ہفتے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں چئیرمین نیب کی تعیناتی یا مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق بات ہو گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں چئیرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف سے مشاورت کرنے یا نہ کرنے پر بھی بات چیت ہو گی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے چئیرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر اپوزیشن کو باہر رکھنے کے حوالے سے بھی آرڈیننس لائے جانے کا امکان ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات