سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے سات افراد کو ذمہ دار قرار دیدیا

جمعہ 24 ستمبر 2021 17:14

سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے کی تحقیقات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے سات افراد کو ذمہ دار قرار دے دیا اور کہا واقعہ میں سب سے زیادہ غفلت ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کی تھی۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسین کی جعلی انٹری کے معاملے پر انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ، انکوائری کمیٹی نے معاملے پر سات افراد کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے بتایا کہ ویکسی نیشن سنٹر پر تعینات عملہ غیر تربیت یافتہ تھا اور واقعہ میں سب سے زیادہ غفلت ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کی تھی جبکہ ریکارڈ کی چیکنگ کے دوران بہت سے تضادات پائے گئے ہیں۔رپورٹ میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ویکسی نیشن سنٹر سے متعدد اندراج کو کینسل کئے جانے کا بھی انکشاف ہوا۔انکوائری کمیٹی نے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم، ڈاکٹر منیر احمد، کلرک نوید، نرس صبا ریاض، وارڈ بوائے عادل رفیق، چوکیدار ابوالحسن اور ایم ایس کے پی اے رانا مظفر کے خلاف کاروائی کی سفارش کردی ہے۔انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ باقی تحقیق ایف آئی اے کرے گا۔