کراچی ،زراعت کے پائیدار حل تیار کرنے کے لئے معاہدہ

بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی اور ایس اے ڈبلیو آئی ای لاہور کے درمیان معاہدہ ہوا ہے، ترجمان بین الاقوامی مرکز

جمعہ 24 ستمبر 2021 17:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور سسٹین ایبل ایگریکلچر واٹر اینڈ انٹیلی جنٹ اینوائر منٹ (ایس اے ڈبلیو آئی ای) سسٹم لاہور کے درمیان آن لائن اجلاس کے دوران ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں، جس کا مقصد زراعت کے پائیدار حل تیار کرنے کے لئے مشترکہ کام کرنا ہے۔

آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق اس معاہدے کا مقصد زراعت کے پائیدار حل تیار کرنے کے لئے مشترکہ کوشش سے علم پر مبنی فارم ایڈوائزری کے ذریعے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنا ہے۔آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور ایس اے ڈبلیو آئی ای سسٹم کی ڈائریکٹر محترمہ نوشین رمضان نے ایک آن لائن اجلاس کے دوران معاہدے پر دستخط کیے۔

(جاری ہے)

مفاہمت کی یاد داشت کے مطابق دونوں ادارے زراعت، ماحولیات، آب اور قدرتی وسائل کے سائینسی میدانوں میں تعاون کریں گے۔ پانی کی بچت، کھاد کے موثر استعمال، اور قدرتی آفات اور کیڑوں کے حملے سے متعلق وارننگ سسٹم کی تیاری سے زراعت کے فروغ کے لئے مشترکہ کام کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ پانچ سال کی مدت تک کے لئے موثر ہوگا جبکہ باہمی رضا مندی سے اس کی توسیع ممکن ہوگی۔

متعلقہ عنوان :