دنیا بھر میں آباد کشمیری کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کردار ادا کریں،بیرسٹر سلطان

دورہ امریکہ کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا ہے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوسکے، صدر آزاد کشمیر

جمعہ 24 ستمبر 2021 18:12

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آباد کشمیری کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،امریکہ کے دورے پر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی نمائندگی کرنے آیا ہوں ۔تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اسلام آباد سے نیویارک کے جان ایف کینڈی ائیر پورٹ پہنچنے پر نیویارک اور امریکہ میں مقیم کشمیریوں کی جانب سے شاندار انداز میں والہانہ استقبال کیا گیا ۔

اس موقع پر ان پر گل پاشی کی گئی انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب جان ایف کینڈی ائیر پورٹ پہنچے تو ان کا پاکستانی قونصلیٹ جنرل عائشہ خان اور قونصلرچوہدری ابرار نے استقبال کیا جبکہ اس موقع پر امریکہ بھر سے بڑی تعداد میں کشمیری بھی ان کے استقبال کے لئے آئے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے نیویارک کے جان ایف کینڈی ائیر پورٹ پر پہنچنے پر اپنے استقبال کے لئے آئے ہوئے استقبالی ہجوم اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری آباد ہیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔

اگرچہ گذشتہ کچھ عرصہ میں کرونا کی وباء کی وجہ سے مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنل فورم پر اٹھانے میں مشکلات درپیش رہی لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیر ی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے لئے اٹھ کھڑے ہوں لہذا 25ستمبر بروز ہفتہ کو جب مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے لئے آئے تو کشمیری اس کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہر ہ کریں ۔

اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں یہاں امریکہ کے دورے پر ڈیڑھ کروڑ کشمیریوں کی نمائندگی کرنے آیا ہوں تاکہ ان کی آواز انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے جارحانہ انداز میں بلند کر سکوں ۔ میرے دورے کا بنیادی مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو سکے۔

اس موقع پر ان کے استقبال کے لئے سابق ممبر کشمیر کونسل سردار سوار خان، سابق مشیرچوہدری شعبان ، ملک امتیاز ، چوہدری مدثر، سردار امتیاز اور بڑی تعداد میں دیگر لوگ بھی نیویارک کے جان ایف کینڈی ائیر پورٹ پر موجود تھے ۔ پروگرام کے مطابق صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نیو یارک میں اپنے قیام کے دوران اگلے دو روز میں اقوام متحدہ کے اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ 25 ستمبر بروز ہفتہ کو وہ مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر کشمیریوں کے مظاہرے میں بھی شرکت کریں گے ۔

جبکہ وہ 27 ستمبر کو ایک روزہ دورے پر امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن بھی جائیں گے جہاں پر وہ امریکی وزارت خارجہ میں ملاقاتوں کے علاوہ امریکی سینٹرز ، کانگریس مین سمیت دیگرسیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ کشمیری کمیونٹی سے خطاب بھی کریں گے۔