او آئی سی کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر ،مظالم بند کروانے میں کردار ادا کرے،بیرسٹر سلطان

نو لاکھ بھارتی فوج کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے، صدر آزاد کشمیر

جمعہ 24 ستمبر 2021 18:12

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے او آئی سی پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر ،مظالم بند کروانے میں کردار ادا کرے،نو لاکھ بھارتی فوج کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔او آئی سی کے نیو یارک میں ہونے والے کشمیر کانٹیکٹ گروپ کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان نے او آئی سی پر زور دیا کے وہ کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے کیونکہ جس طرح بھارت منکر ہو چکا ہے اوراس نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے تو او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے میں 1948سے شامل ہے اور 5اگست 2019میں بھارت کی جانب سے غیر آئینی طور پر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے ۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کی جانب سے بنیادی حقوق پر پابندیوں اور دیگر غیر قانونی اقدامات سے نبرد آزما ہیں لہذا او آئی سی اس کا فوری نوٹس لے کیونکہ آئے روز بھارت کی جانب سے وہاں انسانی حقوق کی پامالی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس سے کشمیر ی عوام کو ایک مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔

بھارت کی نو لاکھ فوج کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور لوگوں کو کالے قوانین کے ذریعے ٹارچر کیا جا رہا ہے ۔مسلمانوں کو عید اور جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روکا جاتا ہے ۔ خواتین کی عصمت دری کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ نوجوانوں کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جاتا ہے اور پیلٹ گن کے ذریعے بچوں اور خواتین کی بینائی چھینی جا رہی ہے۔

جنیوامیں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی جانب سے 2018-19میں مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر دو تفصیلی رپورٹس جاری کی گئی اور اس میں مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی تفصیلات کا واضع ذکر کیا گیا ۔ لہذ امیں او آئی سی اور عالمی برادری سے درخواست کروں گا کہ وہ فوری طورپر مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو بند کرانے کے لئے بھارت پر اپنا دبائو ڈالیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔