نئی دلی کی عدالت میں فائرنگ سے ،گینگسٹر سمیت متعدد افراد ہلاک

جمعہ 24 ستمبر 2021 19:06

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) بھارتی دارلحکومت نئی دلی کی ایک عدالت میں مبینہ طور پر فائرنگ میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو حملہ آور بھی شامل ہیں جو دلی کی روہنی عدالت میں وکلا کا لباس پہن کر داخل ہوئے تھے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق حریف گروپ کے حملہ آوروںجنہوںنے وکلا کا لباس پہن رکھا تھا عدالت میں پیش کئے جانے والے جتندر گوگی نامی گینگسٹر کوگولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

(جاری ہے)

فائرنگ میں ایک خاتون وکیل بھی زخمی ہو گئی ہے ۔حملہ آوروںنے عدالت میں 30سے زائد گولیاں چلائیں۔ دلی پولیس کے کمشنر راکیش استھانہ کے حوالے سے ایک نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ دو مجرموں نے گینگسٹرجتیندر مان گوگی پر اس وقت فائرنگ کی جب اسے عدالت میںپیشی کیلئے لے جایا جارہا تھا۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے دونوں حملہ آوروں کو گولی مارکر ہلاک کر دیا ۔ ان میں سے ایک کے سر پر 50ہزار روپے کا انعام تھا۔جتندر گوگی ایک بدنام زمانہ گینگسٹرتھاجسے تقریبا دوبرس قبل ہریانہ کے قریبی علاقے گڑگائوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔