اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

پنجاب اسمبلی سے تعلیمی نظام میں پہلی بار چھٹی تک قرآن پاک ناظرہ اور میٹرک تک ترجمے کے ساتھ پڑھنا لازمی قرار دینے کا قانون پاس کیا گیا ورلڈ بینک نے آپ کی تعلیمی پالیسیوں کی تعریف کی، آپ کے دور میں پرائمری سطح پر سکولوں میں بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا‘ابراہیم حسن مراد

جمعہ 24 ستمبر 2021 22:07

اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ایشیاء کی ٹاپ یونیورسٹی میں شمار کی جانیوالی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے صدر ابراہیم حسن مراد نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پہلی بار تعلیمی نظام میں پہلی سے چھٹی تک قرآن پاک ناظرہ اور میٹرک تک ترجمے کے ساتھ پڑھنا لازمی قرار دینے کا قانون پاس کیا گیا، طالبعلموں کو انگریزی کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم سے بھی روشناس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونا ملک کے تمام بچوں کا بنیادی حق ہے، تعلیم کا نظام بہتر ہو گا تو آنے والی نسل کا مستقبل روشن ہو گا اور ملک ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے صدر ابراہیم حسن مراد نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی میں پچیس ہزار کے قریب طلباء زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ پنجاب آپ نے تعلیم کے فروغ کیلئے جتنی خدمات سرانجام دیں اس کی مثال نہیں ملتی، 2002ء سے 2008ء تک پرائمری سطح پر سرکاری سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ داخل ہونے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، ورلڈ بینک نے بھی آپ کی تعلیمی پالیسیوں کی بارہا تعریف کی۔

چودھری پرویزالٰہی نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا اور تعلیمی میدان میں گرانقدر خدمات پیش کرنے پر یونیورسٹی کو ایشیاء کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شمار کیا جانا خوش آئند قرار دیا۔