Live Updates

تحریک انصاف کی حکومت نے کراچی کیلئے 1976 میں تجویز کیا گیا میگا ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کیلئے کمر کس لی

قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کی کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے 20 ارب روپے سے زائد لاگت کے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری دے دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 ستمبر 2021 20:28

تحریک انصاف کی حکومت نے کراچی کیلئے 1976 میں تجویز کیا گیا میگا ٹرانسپورٹ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2021ء) تحریک انصاف کی حکومت نے کراچی کیلئے 1976 میں تجویز کیا گیا میگا ٹرانسپورٹ منصوبہ شروع کرنے کیلئے کمر کس لی۔ تفصیلات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی(ایکنک)کی جانب سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی، وزیر اعظم عمران خان اگلے ہفتے  منصوبے کا افتتاح کرینگے۔

اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا کہ ایکنک نے 20.7 ارب روپے کا کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ منظور کرلیاہے۔

نیو کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کے افتتاح وزیر اعظم عمران خان اگلے ہفتے کریں گے اور افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے اور اہم مقامات کو ملانے کے لیے اندرون شہر ریل سروس کا منصوبہ سب سے پہلے 1976 میں تجویز کیا گیا تھا۔

اس منصوبے کا متعدد بار فزیبیلٹی جائزہ لیا گیا اور متعدد فورمز پر منظوری بھی دی گئی لیکن اسے کبھی عملی جامہ نہیں پہنایا جا سکا۔ اب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر کام شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ نیو کراچی سرکلر ریلوے بجلی سے چلنے والی تیز ٹرین ہوگی، یہ منصوبہ 170 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو گا۔ نیو کراچی سرکلر ریلوے کے لئے بغیر پھاٹک نیا ٹریک بچھایا جائے گا، ہر 6 منٹ بعد ٹرین اسٹیشن پر آئے گی۔

منصوبے سے یومیہ 3 سے 5 لاکھ مسافروں کے مستفید ہونے کا امکان ہے۔ کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ نجی شعبے کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا، حکومت اراضی دے گی جبکہ سرمایہ کاری نجی شعبہ کرے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے منصوبہ کل 3 مراحل پر مشتمل ہے۔ پہلے مرحلے میں 43 کلومیٹر طویل ٹریک کی تعمیر ہو گی، جس میں تقریباً 15 کلومیٹر کا ٹریک زمینی ہو گا، جبکہ 28 کلومیٹر سے زائد کا ٹریک ایلیویٹڈ ہو گا۔ پہلے فیز کیلئے کل 24 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کیلئے جدید الیکٹرک ٹرینیں چلائی جائیں گی، اس باعث یومیہ ساڑھے 5 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات