لاڑکانہ سے منشیات کے عادی افرادکوعلاج کے لیے کراچی بھیج دیا ،2 افراد نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی

جمعہ 24 ستمبر 2021 22:35

لاڑکانہ/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) لاڑکانہ میں منشیات کے عادی افراد کو ٹرین میں کراچی روانہ کردیا گیا۔پولیس نے پیپلزپارٹی کے گڑھ لاڑکانہ میں منشیات کے عادی افراد کیخلاف کریک ڈائون کیا اور انہیں ٹرین سے کراچی بھیج دیا، منشیات کے عادی 70 میں سے 2 افراد نے چلتی ٹرین سے چھلانگ لگادی اور بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔

منشیات استعمال کرنے والوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور شہر سی70 سے زائد منشیات استعمال کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق تمام افراد کو علاج کی غرض سے ٹرین میں بٹھا کر حیدرآباد اور کراچی روانہ کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق ملحقہ علاقوں سے 70منشیات استعمال کرنے والوں کو لاڑکانہ سے کوٹڑی گدو اسپتال بھیجا گیا ہے جبکہ انکے ہمراہ 9 پولیس اہلکار بھی گئے ہیں۔

پولیس نے علاج کی غرض سے گرفتار کیے گئے افراد کو روانگی سے قبل چائے بسکٹ کا ناشتہ بھی کرایا تاہم لڑکھڑاتے منشیات کے عادی ناراض نظر آئے۔نشئی افراد نے بتایاکہ فوٹو کھچوانے کے بہانے سے تھانے لاکر بند کردیا گیا اور اب ایسا سلوک روا رکھا جارہا ہے، منشیات کے عادی افراد نے مراد علی شاہ سے گزارش کی کہ وہ تمام افراد انکے گائوں کے ہیں۔