حیسکو حکام کی طرف سے اپنے صارفین کو اذیت میں مبتلا رکھنے کا سلسلہ مسلسل جاری

ہلکی بارش کے بعد شہر کے زیادہ تر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے، شاہ فیصل کالونی کچہ قلعہ کے رہائشی افراد نے تلک چاڑھی روڈ کی دونوں شاہرائیں بلاک کرکے کئی گھنٹے احتجاجی مظاہرہ کیا

جمعہ 24 ستمبر 2021 22:35

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2021ء) حیسکو حکام کی طرف سے اپنے صارفین کو اذیت میں مبتلا رکھنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، دامن کوہسار کا ایک بڑا حصہ تقریبا 22 گھنٹے سے بجلی سے محروم ہے جبکہ جمعہ کو دوپہر سے رات تک جاری رہنے والی ہلکی بارش کے بعد شہر کے زیادہ تر علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے، شاہ فیصل کالونی کچہ قلعہ کے رہائشی افراد نے بھی حیسکو حکام کے خلاف کنٹونمنٹ قبرستان کے قریب تلک چاڑھی روڈ کی دونوں شاہرائیں بلاک کرکے کئی گھنٹے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

دامن کوہسار میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اچانک ایک بجے کے قریب بجلی بند ہو گئی جو جمعہ کو رات 10 بجے تک بھی بحال نہیں ہو سکی تھی، معلوم ہوا ہے کہ ٹرانسفارمر میں خرابی کی وجہ سے بجلی بند ہے، شکایات کے باوجود حیسکو اہلکاروں نے روایتی سستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریبا 12 گھنٹے کے بعد پول سے ٹرانسفارمر اتارا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حیدرآباد میں جمعہ کو دوپہر میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو رات تک جاری رہا، اس دوران حیسکو نے شہر کے زیادہ تر علاقوں کو اندھیرے میں ڈبوئے رکھا۔

کچہ قلعہ شاہ فیصل کالونی کے رہائشی افراد نے بھی کنٹونمنٹ قبرستان روڈ کے قریب چاڑھی کے اطراف کی سڑکیں رکاوٹیں کھڑی کرکے شدید احتجاج کیا جو رات تک جاری رہا، احتجاج کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی آمدروفت معطل ہو گئی لیکن حیسکو حکام یا پولیس کی طرف سے کوئی اس مقام پر نہیں پہنچا تھا۔جمعہ کو دوپہر سے رات گئے تک گول بلڈنگ، کھوکھر محلہ، زنانہ ہسپتال،اولڈ کیمپس،کچا قلعہ،اسٹیشن روڈ،کھوکھر محلہ سمیت گاڑی کھاتہ سب ڈویژن کے مختلف علاقوں کی بجلی بند رہی، لوگوں نے شکایت کی کہ ایس ڈی او سمیت دیگر عملہ صارفین کا فون اٹینڈ کرنے سے بھی گریزاں ہے۔یار رہے کہ حیدرآباد میں بجلی کی طویل بندش کے باعث پانی کا بحران بھی پیدا ہو جاتا ہے اور شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔