30 ستمبر تک ویکسین نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیاں عائد کریں گے، ڈاکٹرفیصل سلطان

معمولات زندگی بحالی کے لیے ویکسینیشن لازمی ہے، حاملہ خواتین کیلئے بھی یہ ویکسین انتہائی محفوظ ہے، پہلی ڈوزکے 28 دن بعد بلاتاخیر دوسری ڈوز لگوائیں۔ معاون خصوصی صحت کا پیغام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 ستمبر 2021 22:41

30 ستمبر تک ویکسین نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیاں عائد کریں گے، ڈاکٹرفیصل ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2021ء) معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ 30 ستمبر تک ویکسین نہ لگوانے والوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں گے،  معمولات زندگی بحالی کے لیے ویکسینیشن لازمی ہے، حاملہ خواتین کیلئے بھی یہ ویکسین انتہائی محفوظ ہے، پہلی ڈوزکے 28 دن بعد بلاتاخیر دوسری ڈوز لگوائیں۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ویڈیو پیغام میں خبردار کیا کہ تیس ستمبر کے بعد ویکسین نہ لگوانے والوں کیخلاف پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے، جس نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی وہ اپنی ویکسینیشن مکمل کرائیں۔ یہ ویکسین حاملہ خواتین کیلئے بھی انتہائی محفوظ ہے، معمولات زندگی بحالی کے لیے ویکسی نیشن کا عمل جلد از جلد مکمل کرانا ہوگا۔

(جاری ہے)

ممکن ہے کہ جلد ہم معمولات زندگی کی طرف لوٹ جائیں اور پابندیوں سے بچنے کیلئے لازمی ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ویکسین لگوا کر اپنا اور اپنے گھر والوں تحفظ یقینی بنائیں۔ دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 50 اموات ہوئیں جن میں سے 14 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2 ہزار 233 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ  سے بہاولپور میں 40 فیصد,لاہور میں 52 فیصد،ملتان میں 84 فیصد اور سرگودھا میں 63 فیصد مریض ہیں۔