شہر قائد میں با اثر خاتون کے بھائی کی شادی میں ہوائی فائرنگ، گرفتار افراد کو چھڑوانے کے لیے تھانے پر حملہ کر دیا

ایس پی ملیر دفتر کے نزدیک با اثر خاتون شکیلہ کے بھائی کی شادی تھی، خاتون خود کو پاکستان پیپلز پارٹی کا علاقائی رہنما ظاہر کرتی ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 ستمبر 2021 11:02

شہر قائد میں با اثر خاتون کے بھائی کی شادی میں ہوائی فائرنگ، گرفتار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر 2021ء) : شہر قائد میں با اثر خاتون کے بھائی کی شادی میں ہوائی فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں پولیس نے کچھ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے اس اقدام پر خاتون نے سمیت کئی مشتعل افراد نے تھانے پر ہی دھاوا بول دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایس پی ملیر دفتر کے نزدیک با اثر خاتون شکیلہ کے بھائی کی شادی تھی جوکہ خود کو پاکستان پیپلز پارٹی کا علاقائی رہنما ظاہر کرتی ہیں۔

شادی میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس پر پولیس 5 افراد کو حراست میں لے کر ایس پی ملیر آفس لے آئی۔ انہوں نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ کی اطلاع پرپولیس پارٹی وقوعہ پر پہنچی توباراتی اس سے الجھ پڑے تھے، ایک شخص نے اہلکارپرپستول تانی، جسے حراست میں لے لیا گیا۔

(جاری ہے)

زیر حراست افراد کو چھڑوانے کے لیے بارات میں شریک 50/60 مشتعل افراد نے ایس پی آفس پر ہلہ بول دیا۔

ملزمان کو حراست میں لینے پرباراتیوں نے ایس پی ملیر کے دفتر پر احتجاج بھی کیا ۔ ہنگامہ آرائی کے دوران دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور اہلکاروں کو زدوکوب بھی کیا گیا۔ حملہ آور 2 افراد کو پولیس کی حراست سے لے جانے میں کامیاب بھی ہوگئے ۔ مشتعل افراد نے تھانے میں گھس کر زیر حراست شخص کوچھڑا لیا، جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ دوبارہ کارروائی کی گئی، جس میں تین ملزمان گرفتار ہوئے۔ ملزمان کی گرفتاری پربھی مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ دہشتگردی ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حملے میں ملوث افراد لینڈ گریبنگ میں بھی ملوث ہیں۔ ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔