Live Updates

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کاجنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس سے خطاب کا متن

ہفتہ 25 ستمبر 2021 13:24

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کاجنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس سے خطاب ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس سے خطاب کا متن حسب ذیل ہے۔ بسم اللہ الرحمن الرحیم ایاک نعبد و ایاک نستعین جناب صدر! میں آپ کو جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

میں آپ کے پیشرو وولکن بوزکر کی نمایاں کامیابیوں پر اظہار تحسین بھی کرنا چاہوں گا جنہوں نے کوویڈ19 وبا سے درپیش مشکل حالات کے تحت نہایت مہارت سے اسمبلی کی رہنمائی کی۔ جناب صدر! دنیا کو کوویڈ19، منسلکہ اقتصادی بحران اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث لاحق خطرات کے تہرے چیلنج کا سامنا ہے۔ وائرس اقوام اور لوگوں کے درمیان امتیاز نہیں کرتا اور نہ ہی غیر یقینی موسمی حالات سے درپیش آفات تمیز کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

آج ہمیں درپیش مشترکہ خطرات نہ صرف بین الاقوامی نظام کی نزاکت کو آشکار کرتے ہیں بلکہ انسانیت کی یکجہتی کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ اللہ تعالی کے فضل سے پاکستان اب تک کوویڈ وبا سے نبرد آزما ہونے میں کامیاب رہا ہے، ہماری سمارٹ لاک ڈان کی متعین حکمت عملی نے قیمتی جانوں اور روزگار کو بچانے کے ساتھ ساتھ معیشت کو رواں رکھنے میں مدد دی، ہمارے سماجی تحفظ کے پروگرام احساس کے ذریعے ڈیڑھ کروڑ سے زائد خاندانوں کو ریلیف اور تحفظ فراہم کیا گیا ۔

جناب صدر! موسمیاتی تبدیلی آج ہمارے کرہ ارض کی بقا کو لاحق خطرات میں سے ایک ہے۔ پاکستان کا عالمی سطح پر مضر گیسوں کے اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے، پھر بھی ہم دنیا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق 10 انتہائی زد پذیر ممالک میں شامل ہیں۔ اپنی عالمی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ رہتے ہوئے ہم کایا پلٹ ماحولیاتی پروگراموں، 10 ارب ٹری سونامی کے ذریعے پاکستان میں دوبارہ جنگلات اگانے، قومی ماحول کے تحفظ، قابل تجدیر توانائی کی طرف رجوع کرنے، اپنے شہروں سے آلودگی ختم کرنے اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے موافقت کے راستے پر گامزن ہیں۔

کوویڈ وبا، اقتصادی کساد بازاری اور موسمیاتی ایمرجنسی کے سہ جہتی بحران سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمیں ایک جامع حکمت عملی درکار ہے جو ان امور پر محیط ہونی چاہئے کہ اول، ویکسین میں مساوات: ہر ایک کو، ہر جگہ کوویڈ کے خلاف جتنی جلدی ممکن ہو سکے ویکسین فراہم کی جانی چاہئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات