میلسی کے علاقے اڈہ درپور میں جہالت کی انتہا، جعلی پیر نے جن نکالنے کے بہانے ذہنی معذور لڑکی کو آگ لگا دی، لڑکی کا چہرہ اور جسم جھلس گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس، جعلی پیر گرفتار

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 25 ستمبر 2021 14:05

میلسی کے علاقے اڈہ درپور میں جہالت کی انتہا، جعلی پیر نے جن نکالنے کے ..
میلسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ ۔ 25 ستمبر2021ء،نمائندہ خصوصی،شاہ زیب اشفاق) میلسی کے نواحی علاقے اڈہ درپور میں جہالت کی انتہا ہو گئی، جعلی پیر نے جن نکالنے کے  بہانے ذہنی معذور لڑکی کو آگ لگا دی، لڑکی کا چہرہ اور جسم جھلس گیا. لاہور سے آئے جعلی پیر معصوم شاہ نے جن نکالنے کا دعویٰ کرتے ہوئے لڑکی کو آگ لگائی. متاثرہ لڑکی کی چیخ و پکار سن کر ہمسائے اکھٹے ہو گئے.

اہل علاقہ کے اکٹھے ہونے پر جعلی پیر معصوم شاہ موقع سے فرار ہو گیا.

(جاری ہے)

آگ لگنے کے باعث لڑکی کا چہرہ اور جسم متاثر ہوا. لڑکی کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا. وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ذہنی معذور لڑکی کو آگ لگانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور لڑکی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی. وزیر اعلیٰ پنجاب کے نوٹس لینے پر پولیس تھانہ ٹبہ سلطان پور نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کر لیا. جعلی پیر معصوم شاہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے حوالات میں بند کر دیا گیا.