عثمان اور اس کے دوست مذاق اڑاتے اور ویڈیو بناتے رہے،ای الیون واقعہ کی متاثرہ لڑکی کا بیان

ہفتہ 25 ستمبر 2021 15:19

عثمان اور اس کے دوست مذاق اڑاتے اور ویڈیو بناتے رہے،ای الیون واقعہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں تشدد اور زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان مرزا اور اس کے دوست مذاق اڑاتے رہے اور واقعے کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔لڑکی اور لڑکے پر تشدد اور اس کی ویڈیو وائرل ہونے سے متعلق کیس میں پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے چالان کے مندرجات منظر عام پر آگئے پولیس چالان کے مطابق عثمان مقدمیکا مرکزی کردار ہے جس نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نازیبا ویڈیو بنائی، ملزمان نے ویڈیو بنا کر لڑکے اور لڑکی کو بلیک میل کیا اور بعد میں بھتے کی رقم بھی وصول کی۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر ویڈیو بنانے والا موبائل فون اور ڈرانے کے لیے استعمال کیا گیا پستول بھی برآمدکیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس چالان کے مطابق ملزم عمر بلال نے انکشاف کیا کہ عثمان مرزا کے کہنے پر متاثرہ لڑکے اور لڑکی سے سوا 11 لاکھ روپے لیے، 6 لاکھ روپے عثمان کو دیے اور باقی رقم دیگر ساتھیوں میں تقسیم کی گئی۔متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے بیانات ریکارڈ کروائے، متاثرین کے مجسٹریٹ کے سامنے ریکارڈ کروائے گئے بیانات کو بھی چالان کاحصہ بنایا گیا ہے۔

پولیس چالان کے مطابق متاثرہ لڑکی نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان دیا کہ عثمان مرزا اور اس کے دوست ہمارا مذاق اڑاتے اور ویڈیو بناتے رہے۔خیال رہے کہ لڑکی اور لڑکے پر تشدد اور ان کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کی ایف آئی آر 6 جولائی کو تھانہ گولڑہ میں درج کی گئی تھی، عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 28 ستمبر کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔