سندھ رینجرز اور پولیس کا غیر قانونی سکیورٹی گارڈز کے خلاف کریک ڈاؤ ن

چیکنگ کے ابتدائی مرحلے کے دوران سیکیورٹی گارڈ زکی بڑی تعدادغیر تربیت یافتہ گارڈ پر مشتمل پائی گئی،کمپنیز کو ہدایات جاری

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:08

سندھ رینجرز اور پولیس کا غیر قانونی سکیورٹی گارڈز کے خلاف کریک ڈاؤ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان رینجرز(سندھ)اور پولیس کا کراچی بھر میں غیر قانونی سیکیورٹی گارڈز کے خلاف کریک ڈاؤن، اہم تنصیبات اور گھروں پر تعینات سیکیورٹی گارڈز کا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ چیکنگ کے ابتدائی مرحلے کے دوران سیکیورٹی گارڈ زکی بڑی تعدادغیر تربیت یافتہ گارڈ پر مشتمل پائی گئی جس پر سیکیورٹی کمپنیز کو ہدایات جاری کی گئیں۔

دوسرے مرحلے میں کراچی کے چار اضلاع میں مجموعی طور پر 4661 سیکیورٹی گارڈ زکا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ مشتبہ سیکیورٹی گارڈز کی کرائم رپورٹنگ انڈکس سسٹم کے تحت ویری فکیشن کی گئی۔ دوران اسلحہ ویری فکیشن 337گارڈز کااسلحہ غیر تصدیق شدہ جبکہ159گارڈز کا اسلحہ غیر لائسنس یافتہ پایا گیا۔ سیکیورٹی کمپنیز سے غیر لائسنس یافتہ اسلحے کا ریکارد طلب کر لیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب پاکستان رینجرز (سندھ)اور سندھ پولیس کی جانب سے جرائم کی روک تھام کیلئے کراچی کے مختلف علاقوں میں مشترکہ اسنیپ چیکنگ کا آغازکیا گیا۔

(جاری ہے)

اسنیپ چیکنگ کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسنیپ چیکنگ میں ایک ہفتہ کے دوران مجموعی طور پر 17408گاڑیوں کو چیک کیاگیا،222 گاڑیوں پر غیر قانونی ایمر جنسی لائیٹس،1363گاڑیوں پر فینسی لائیٹس /سائرن اور 3003گاڑیوں پرلگے کالے شیشے ہٹوائے گئے جبکہ177 افراد کے خلاف بغیر اجازت کے گاڑی کے کیبن میں بیٹھ کر اسلحہ کی نمائش کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور 4643 گاڑیوں کے قوانین کی خلاف ورزی پر چالان بھی کیے گئے۔