جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم کے خطاب کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے

ہفتہ 25 ستمبر 2021 16:33

جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم کے خطاب کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) اقوم متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے خطاب کے خطاب ہفتہ کواسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی نے کی ۔

حریت رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب کوئی معنی نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نہتے کشمیریوں کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہاہے اور بھارتی بربریت کے نتیجے میں اب تک ایک لاکھ سے زائد بے گناہ کشمیری شہید اورلاکھوں زخمی ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے افسوس کا اظہارکیاکہ بھارت تمام اخلاقی ، انسانی اور قانونی اقدار کو روندتے ہوئے مقبوضہ جموںوکشمیر میں گولیوں اورپیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کررہا ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد بصارت سے محروم ہوچکے ہیں ۔

حریت رہنمائوں نے کہاکہ ہزاروں کشمیریوں کو کالے قوانین کے تحت گرفتارکیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنی فوج کو نہ صرف انسانی حقوق کی پامالیوں کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے بلکہ کالے قوانین کے نفاذ کے ذریعے ان کے جرائم کو تحفظ بھی فراہم کررہا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ اس صورتحال میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جنرل اسمبلی سے خطاب کا کوئی جواز نہیں ہے ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر نہ ہی بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ کوئی سرحدی تنازعہ بلکہ یہ ایک کروڑ سے زائد کشمیریوں کی موت اور زندگی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کی طرف سے بے پناہ فوجی جمائواور فوج کو حاصل لامحدود اختیارات کی موجودگی میں خطے میں امن کی توقع رکھنا صرف دیوانے کا خواب ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر خطے کے دائمی امن کے لئے اس وقت تک خطرہ بنا رہے گا جب تک اس کو پائیدار ، منصفانہ اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔

حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام ایک یادداشت بھی پیش کی۔ دریں اثناء اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کے خطاب کے خلاف فرینڈزآف کشمیرانٹر نیشنل کے زیر اہتمام بھی اسلام آبادمیں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ ہواجس کی قیادت حریت رہنمائوںعبدالحمید لون اور عبدالمجید میر نے کی۔